بنگلورو، 14/ جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی)محکمۂ صحت و خاندانی بہبود نے اعلان کیا ہے کہ ریاست کے مالیناڈ خطے میں بندر بخار کی روک تھام، علاج اور کنٹرول کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے 16 جولائی کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت وزیرِ صحت و خاندانی بہبود یو ٹی قادر کریں گے۔
محکمہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اجلاس 16 جولائی کو دوپہر 3:00 بجے ودھان سودھا کے کمرہ نمبر 106 میں منعقد ہوگا، جس میں شیموگہ، چکمگلورو، اتر کنڑا، دکشن کنڑا اور اُڈپی اضلاع کے نگراں وزراء، عوامی نمائندے اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران شرکت کریں گے۔ اجلاس میں بندر بخار کی روک تھام، مریضوں کے علاج، احتیاطی تدابیر اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
اسی روز دوپہر 2:00 بجے ودھان سودھا کے کمرہ نمبر 106 میں وزیرِ صحت یو ٹی قادر کی صدارت میں طبی پس منظر رکھنے والے ارکانِ پارلیمان اور ارکانِ اسمبلی کا ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوگا۔
محکمۂ صحت کے مطابق اس اجلاس میں ریاست کے مختلف اضلاع میں محکمۂ صحت و خاندانی بہبود سے متعلق مسائل، عوامی شکایات، طبی سہولتوں کی بہتری اور خدمات کے مؤثر نفاذ کے بارے میں عوامی نمائندوں سے تجاویز اور سفارشات حاصل کی جائیں گی، تاکہ محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔