ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مرشد آباد میں خوفناک حادثہ، ٹرین اسکول وین سے ٹکرا گئی، 3 افراد جاں بحق

مرشد آباد میں خوفناک حادثہ، ٹرین اسکول وین سے ٹکرا گئی، 3 افراد جاں بحق

Sat, 18 Jul 2026 17:07:23    S O News

 مرشد آباد، 18/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد میں پیش آئے ایک المناک ریلوے حادثے میں ۲؍ اسکولی بچوں سمیت ۳؍ افراد ہلاک جبکہ کئی دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق نمتیتا-کٹوا مسافر ٹرین (نمبر ۵۳۰۵۴) نے ایک ریلوے کراسنگ پر رائل اکیڈمی اسکول کے طلبہ کو لے جانے والی ایک گاڑی اور ایک سائیکل سوار کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ۲؍ طلبہ اور ایک معمر سائیکل سوار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

ریلوے انتظامیہ کے مطابق یہ حادثہ کٹوا-عظیم گنج ریلوے سیکشن میں کرنسوبَرن اسٹیشن کے قریب واقع ایک لیول کراسنگ پر صبح تقریباً۴۱:۶؍ بجے پیش آیا۔ ریلوے پھاٹک ٹرینوں کی آمد و رفت کے باعث بند تھا۔ نودویپ دھام-بالورگھاٹ ایکسپریس (ٹرین نمبر ۱۳۴۳۱)  کے گزرنے کے بعد جیسے ہی پھاٹک کھولا گیا اور اسکول کی گاڑی پٹری عبور کرنے کیلئے آگے بڑھی، اسی دوران مخالف سمت سے آنے والی نمتیتا-کٹوا مسافر ٹرین اس سے ٹکرا گئی۔

اس حادثے میں۲؍ بچوں اور ایک معمر سائیکل سوار کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ ۳؍ بچوں اور گاڑی کے ڈرائیور کو انتہائی تشویشناک حالت میں مرشد آباد میڈیکل کالج و اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمی بچوں کا بھی اسپتال میں علاج جاری ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے کے سینئر افسران، ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف)، گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) اور مقامی سول انتظامیہ کے حکام موقع پر پہنچ گئے۔ امدادی و بچاؤ کارروائیوں اور ہجوم پر قابو پانے کے لئے اضافی سیکوریٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ضلع پولیس بھی صورتحال کو معمول پر لانے میں مصروف ہے۔ریلوے ٹریک کو صاف کرکے ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ ریلوے انتظامیہ نے اس حادثے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔


Share: