ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پونے کے موشی کچرا ڈمپ حادثے میں 8 افراد جاں بحق، ایک اب بھی لاپتہ

پونے کے موشی کچرا ڈمپ حادثے میں 8 افراد جاں بحق، ایک اب بھی لاپتہ

Mon, 13 Jul 2026 12:39:20    S O News
پونے کے موشی کچرا ڈمپ حادثے میں 8 افراد جاں بحق، ایک اب بھی لاپتہ

پونے، 13 /جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) پمپری-چنچوڑ میونسپل کارپوریشن کے موشی کچرا ڈمپنگ ڈپو میں پیش آنے والے ہولناک حادثے کے چوتھے روز جاری ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے سے مزید ۷ افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اس سانحے میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر ۸ ہو گئی ہے، جبکہ ایک شخص اب بھی لاپتہ ہے، جس کی تلاش جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔

یہ حادثہ ۸ جولائی کو دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے پیش آیا، جب موشی میں واقع کچرا ڈمپ پر موجود کچرے کا ایک بہت بڑا ڈھیر ’ویسٹ ٹو انرجی‘ منصوبے کی انتظامی عمارت پر آ گرا۔ حادثے کے وقت عمارت کے اندر ۲۲ افراد موجود تھے، جبکہ ایک شخص عمارت کے باہر کچرے کے ڈھیر کے نیچے دب گیا، اس طرح مجموعی طور پر ۲۳ افراد متاثر ہوئے۔

حادثے کے فوراً بعد امدادی اور ریسکیو کارروائی شروع کر دی گئی۔ عمارت میں موجود ۵ افراد خود ہی بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ اسی روز ریسکیو ٹیموں نے مزید ۹ افراد کو محفوظ نکال لیا۔

اس کے بعد باقی افراد کی تلاش کے لیے فوج، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، پمپری-چنچوڑ میونسپل کارپوریشن، پی ایم آر ڈی اے فائر بریگیڈ اور پولیس نے مشترکہ طور پر سرچ آپریشن جاری رکھا۔

۹ جولائی کو ملبے سے بھاویش وانی کو نکالا گیا، تاہم اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ حادثے میں عمارت بری طرح متاثر اور غیر مستحکم ہو جانے کی وجہ سے ریسکیو کارروائی میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ ملبہ ہٹانے کے لیے ۱۲ پوکلین مشینوں، جے سی بی مشینوں اور ڈمپرز کی مدد لی گئی۔

بعد ازاں عمارت کے خطرناک حصے کو محفوظ طریقے سے گرانے کے لیے ۲ جدید ’ڈیمولیشن ایکسکیویٹر‘ مشینیں موقع پر تعینات کی گئیں۔

سنیچر کے روز جاری سرچ آپریشن کے دوران رات گئے اکشے ساونت (۳۵)، سنیل کورکے (۴۰)، سنی مانے (۳۹)، مہیش کمبھار (۳۳)، ناگیش گائیکواڑ (۲۶)، رنجیت پاٹل (۲۲) اور راہل گائیکواڑ (۳۵) کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

تمام لاشوں کو پمپری کے وائی سی ایم اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔


Share: