بنگلورو،23/اکتوبر(ایس اونیوز/ آئی این ایس انڈیا)کرناٹک میں شدید بارش کی وجہ سے دوبارہ آئے سیلاب پر وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے اپنی قسمت کو ذمہ دار ٹھہرایاہے۔دو ماہ قبل اگست میں بھی ریاست کو سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا۔انہوں نے کہاکہ پچھلی بار بھی شدید بارش ہوئی تھی۔لگتا ہے کہ ہمارے ستارے گردش میں ہیں۔ایک بار پھر بارش کے دیوتا ناراض ہیں اور کئی اضلاع میں بارش ہو رہی ہے۔کئی گاؤں ڈوب گئے ہیں۔اموات ہو رہی ہیں اور گاڑی سیلاب میں بہہ گئی ہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ وہ ضلع انتظامیہ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بارش سے متاثر لوگوں کو مدد مہیا کرانے کے لئے بحث کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو ماہ قبل سیلاب کے دوران لوگوں کی جس طرح سے مدد کی گئی تھی اسی طرح کی مدد اس بار بھی کی جائے گی۔وزیر اعلی کے مطابق بیل گاوی، بگل کوٹ، وجے پورا، کلبرگی، گدگ، ہبلی، دھارواڑ اور میسورو، کوڈاگو اور چکمگلور ضلع کے حصے شدیدبارش کی وجہ سے ایک بار پھر سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ریاست کے کئی مقامات پر زمین کھسکنے کا معاملہ آیا ہے اور بہت سے جگہ پر نقل و حمل متاثر ہواہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سال اگست میں آئے سیلاب سے کرناٹک کے 22 ضلع متاثر ہوئے تھے۔