نئی دہلی،30؍اگست(ایس او نیوز؍ایجنسی) سپریم کورٹ نے معمول کے مطابق یکم ستمبر سے مقدمات کی حتمی سماعت کے لیے ایک نیااسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) جاری کیا ہے۔ منگل سے جمعرات تک عام سماعت کورونا کے مناسب اصولوں کی پابندی کے درمیان ہوگی۔ سپریم کورٹ وبائی امراض کی وجہ سے گزشتہ سال مارچ سے ویڈیوکانفرنس کے ذریعے مقدمات کی سماعت کر رہاہے۔ کئی بار تنظیمیں اور وکلاء مطالبہ کر رہے ہیں کہ عام سماعت فوری طور پر دوبارہ شروع کی جائے۔28 اگست کوسیکرٹری جنرل کی جانب سے جاری کردہ ایس او پی میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ عدالت پیر اور جمعہ کو ڈیجیٹل میڈیم کے ذریعے مختلف مقدمات کی سماعت جاری رکھے گی۔ ایس او پی میں کہاگیاہے کہ ماسک پہننا ، سینیٹائزر کا کثرت سے استعمال اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھنا عدالت عظمیٰ سمیت سپریم کورٹ احاطے میں آنے والے تمام لوگوں کے لیے لازمی ہوگا۔ ایس او پی میں کہاگیا ہے کہ ایک بار مدعی اور وکیل عام سماعت کا انتخاب کر لیں ۔ متعلقہ فریق کو ویڈیو/ٹیلی کانفرنس کے ذریعے سماعت کی سہولت نہیں ملے گی۔