ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلوروسٹی مارکیٹ کے احاطے میں غیر قانونی دکانیں منہدم

بنگلوروسٹی مارکیٹ کے احاطے میں غیر قانونی دکانیں منہدم

Fri, 29 Mar 2019 20:51:28    S.O. News Service

بنگلورو،29؍مارچ(ایس او نیوز) شہر کے انتہائی مصروف علاقوں میں سے ایک کے آر مارکیٹ کے آس پاس غیر قانونی طور پر قبضہ کی گئی جگہوں اور دکانوں کو آج سویرے منہدم کردیاگیا۔ یہاں کے فٹ پاتھ اور پارکنگ کی جگہوں پر قبضہ کرکے دکان وغیرہ لگالی گئی تھیں ، جن کو آج بی بی ایم پی کے عملے نے پولیس کے سخت بندوبست کے ساتھ ہٹادیا ۔

حالانکہ یہاں پر تجارت کرنے والوں نے بی بی ایم پی کی کارروائی کی سخت مزاحمت کی ، لیکن اس کی پرواہ کئے بغیر انہدامی کارروائی کو انجام دیا گیا اور طے کیا گیا کہ اب جو جگہ خالی ہوئی ہے وہاں پر پارکنگ اور راہگیروں کے لئے بہتر سہولتیں مہیا کرانے پر استعمال میں لائی جائے گی۔ اسی طرح سٹی مارکیٹ میں سرسی سرکل فلائی اوور کے نیچے پارکنگ کی جگہ پر غیر قانونی قبضہ کرلیا گیا تھا وہ بھی آج خالی کروالیا گیا۔ یہاں پر کچھ لوگوں نے پکی دکانیں بناکر تجارت کررہے تھے، حال ہی میں میئر اور بی بی ایم پی کمشنر نے علاقے کا دورہ کیا اور یہاں کے دکاندارو ں کو تنبیہہ کی کہ غیر قانونی دکانوں کو خالی کردیں ، اس کے باوجود بھی یہ قبضہ برقرار رہاتو آج صبح بی بی ایم پی کے انہدامی عملے نے ان دکانوں کو ہٹانے کے ساتھ جو دکانیں غیر قانونی طور پر فٹ پاتھ اور سڑکوں تک پھیلادی گئی تھیں۔ ان حصوں کو بھی منہدم کردیا۔

انہدامی مہم کے دوران اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بی بی ا یم پی کے جوائنٹ کمشنر سرفراز خان نے بتایاکہ کے آر مارکیٹ کے ماحول کو پاک وصاف رکھنے اور یہاں غیر قانونی قبضوں کو ہٹانے کے لئے ریاستی ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق کارروائی کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ کے آر مارکیٹ کے اندر اور باہر کی صفائی اور یہاں تجارت کے لئے بہتر ماحول مہیا کرانے کے لئے بی بی ایم پی کی طرف سے تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایاکہ سٹی مارکیٹ کے احاطے میں1800 سے زائد دکانیں ہیں۔ ان میں سے 50 فیصد دکانوں پر غیر قانونی قبضہ ہوگیا تھا آج اس قبضے کو ہٹادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مارکیٹ کے عقبی حصے میں نجی گاڑیوں کے لئے سہولتیں بہت جلد مہیا کرائی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ سٹی مارکیٹ کامپلکس کے ارد گرد تقریباً 70 فیصدزمین پر قبضہ ہوچکا تھا۔ تمام کو آج خالی کروایا گیا ہے۔ ساتھ ہی یہاں پر جتنی بھی گندگی یکجا کی گئی تھی اسے ہٹانے کا انتظام بھی آج ہی کردیاگیا۔


Share: