ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوگی کا ’لو جہاد پر تبصرہ‘ ووٹ بینک کی خاطر اشتعال انگیزی اور تفریق کی کوشش: پاپولر فرنٹ

یوگی کا ’لو جہاد پر تبصرہ‘ ووٹ بینک کی خاطر اشتعال انگیزی اور تفریق کی کوشش: پاپولر فرنٹ

Fri, 06 Nov 2020 16:20:59    S.O. News Service

نئی دہلی،6؍نومبر ( پریس ریلیز) پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی قومی مجلس عاملہ کے اجلاس میں پاس کردہ ایک قرارداد میں ’لو جہاد‘ کے نام پر یوگی آدتیہ ناتھ کی دھمکی کی مذمت کی گئی۔

یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعہ ان کے مطابق ’لو جہاد‘ پھیلانے والوں کے خلاف کیا گیا تبصرہ ووٹ بینک کی سیاست کی خاطر اشتعال انگیزی پھیلانے اور سماج میں تفریق پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ اس قسم کے تبصروں کا مقصد مسلمانوں کے ذہنوں میں زیادہ سے زیادہ خوف پیدا کرنا ہے، جن پر سنگھ پریوار ’لو جہاد‘ کا غلط الزام لگاتا رہا ہے۔ مختلف مرکزی و ریاستی تفتیشی ایجنسیوں کے ذریعہ بغیر کسی شک کے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ ”لو جہاد“ دائیں بازو کی جماعتوں کے ذریعہ مسلمانوں کو بے عزت اور الگ تھلگ کرنے کے مقصد سے تیار کی گئی اسلاموفوبیا پر مبنی سازش کے سوا کچھ نہیں ہے۔ تاہم بی جے پی آج بھی اس پروپگنڈے کو رہ رہ کر اٹھاتی رہتی ہے حتیٰ کہ اس کو لے کر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتی رہتی ہے۔ ایک وزیر اعلیٰ کے لئے اس حد تک گر جانا زیب نہیں دیتا۔ دراصل یہ لوگ آئین کے ذریعہ شہریوں کو دی گئی اپنی پسند کے مذہب کو اپنانے، اس پر عمل کرنے اور اس کی دعوت دینے کی آزادی پر حملہ بولنا چاہتے ہیں۔

ای ڈبلو ایس کے لئے رزرویشن سے پسماندہ طبقات کے کوٹے کو نقصان

ایک اور قرارداد میں، اجلاس نے کہا کہ اقتصادی اعتبار سے کمزور طبقات (ای ڈبلو ایس) کے لئے دس فیصد رزرویشن کے نفاذ سے پسماندہ طبقات کو حاصل کوٹے کو سخت نقصان لاحق ہوگا۔ کیرالہ حکومت کا پلس ٹو اور نیٹ NEET کے امیدواروں کے لئے مخصوص سیٹوں کے ڈیٹا سے یہ پتہ چلتا ہے کہ ای ڈبلو ایس رزرویشن او بی سی، ایس سی اور ایس ٹی طبقات کے کوٹے کو ختم کر رہا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ پرسنل سیلکشن (آئی بی پی ایس) کی طرف سے جاری کردہ بحالی کے حالیہ اعلان میں رزرویشن کو پچاس فیصد برقرار رکھا گیا ہے اور ای ڈبلو ایس کے لئے دس فیصد مخصوص کرنے کے لئے پسماندہ طبقات کے کوٹے کو کم کر دیا گیا ہے۔ رزرویشن میں اقتصادی زمرے کو داخل کئے جانے کی پسماندہ اقوام کی طرف سے زبردست مخالفت کی جاتی رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رزرویشن غربت کو ختم کرنے کے لئے نہیں ہے بلکہ تعلیم اور نوکرشاہی میں تمام طبقات کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لئے ہے۔ تاہم اقتصادی بنیاد پر رزرویشن کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ای ڈبلو ایس کے رزرویشن سے پسماندہ طبقات کے لئے رِزرو موجودہ کوٹا اور ان کی نمائندگی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔جس طریقے سے ای ڈبلو ایس کے لئے دس فیصد کوٹے کا نفاذ ہو رہا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کے خدشات درست ہیں۔ رزرویشن کے اصل مقصد یعنی پسماندہ طبقات کی مناسب نمائندگی کو پوری کامیابی کے ساتھ الٹ دیا گیا ہے۔ پسماندہ طبقات کو متحد ہوکر اس دھوکے کے خلاف آگے آنا چاہئے اور اپنی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لئے کسی متبادل کا مطالبہ کرنا چاہئے۔

بہار میں فرقہ وارانہ سیاست کو شکست دو

ایک دوسری قرارداد میں، پاپولر فرنٹ کی این ای سی نے بہار کے عوام سے ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں فسطائی طاقتوں کو شکست دینے کی اپیل کی۔

بہار کے عوام نے کبھی بھی فرقہ پرست طاقتوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا ہے اور ہندوتوا فسطائیت کو بہار میں کچھ موقع پرست نیتاؤں کے دھوکے کی وجہ سے کامیابی ملی ہے۔ موجودہ حکومت کے پاس اپنی فرقہ وارانہ سیاست کے سوا عوام کے سامنے رکھنے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ اب عوام کے لئے حساب چکتا کرنے کا وقت ہے تاکہ نفرت اور تفریق کی ان طاقتوں کو شکست دی جا سکے۔ پاپولر فرنٹ بہار کے عوام سے متحد ہوکر فسطائیت کو شکست دینے کی اپیل کرتی ہے۔


Share: