لکھنؤ ،29؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) عام آدمی پارٹی کے بعد شیو سینا نے اب اتر پردیش میں پنچایت انتخابات لڑنے کا فیصلہ کرلیاہے۔ ریاستی چیف ٹھاکر انیل سنگھ نے پنچایت انتخابات کے جائزہ اجلاس میں اس کا اعلان کیا۔ اس کے بعد ضلعی سطح کے افسران اور عہدیداران کیلئے درخواستیں طلب کرنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ انتخابی انتظام کی ٹریننگ کیلئے جلد ہی ریاستی عہدیداروں کو مہاراشٹرا بھیجا جائے گا۔
خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی نے گزشتہ دنوںپنچایت انتخابات لڑنے کا اعلان کیا ہے۔شیوسینا اسٹیٹ یونٹ نے لکھنؤ کے سروجنی نگر میں واقع ریاستی دفتر میں میٹنگ کی ، جس میں پنچایتی انتخابات کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں شیوسینا کے ریاستی سربراہ انیل سنگھ نے کہا کہ ریاست میں آئندہ ہونے والے پنچایت انتخابات کے لئے بھرپور طریقے سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ضلع وار جائزہ لے کر انچارج مقرر کیا جارہا ہے، تمام اضلاع سے درخواستیں مانگی جارہی ہیں۔انیل سنگھ نے کہا کہ آئندہ ہفتے میں شیو سینا کا وفد مہاراشٹر میں پارٹی کے اعلی رہنماؤں سے ملاقات کرے گا اور انہیں انتخابی انتظامات کی تیاریوں سے آگاہ کرے گا۔