ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور : سمسی شراوتی ندی میں نوجوان غرق، تلاشی مہم جاری؛ دوسرے کو بچالیا گیا

ہوناور : سمسی شراوتی ندی میں نوجوان غرق، تلاشی مہم جاری؛ دوسرے کو بچالیا گیا

Sat, 18 Dec 2021 17:24:09    S.O. News Service

بھٹکل 18 ڈسمبر (ایس او نیوز) پڑوسی تعلقہ ہوناور کے سمسی کی شراوتی ندی میں غرق ہوکر ایک نوجوان لاپتہ ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔ البتہ اس کے ایک ساتھی کو بچالیا گیا ہے۔واردات ہوناور سے قریب 25 کلو میٹر دور سمسی اور اُپّنی  کے درمیان  شراوتی ندی پر سنیچر دوپہر کو پیش آئی۔

شراوتی کونسل کے  سکریٹری اور سڑلگی کے اہم ذمہ دار جناب مظفر صاحب نے واردات کے تعلق سے معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ  اُپنّی میں تعمیراتی کام   کرنے کےبعد دوپہر کے کھانے کے وقفے میں  ہر روز کی طرح  مزدور  ندی پارکرکے سمسی جارہے تھے،  کشتی جیسے ہی سمسی  کے قریب  پہنچی ذوالفقار اور اس کا ایک ساتھی  ہر روزکی طرح  ندی میں تیرنے کے لئے چھلانگ لگایا، مگر اس بار  لگائی گئی چھلانگ ذوالفقار کے لئے آخری چھلانگ ثابت ہوئی اور وہ  ندی میں ڈوب گیا۔ البتہ  کشتی سوار نے معاملے کو بھانپتے ہوئے فوراً  جال ڈال کر اس کے ساتھی کو بچانے میں کامیاب ہوگیا۔

پتہ چلا ہے کہ دونوں ساتھی سمسی کے  قریب پہنچنے پر ندی میں چھلانگ لگاتے تھے اور کچھ دیر تک تیرنے کے بعد کنارے پہنچ جایا کرتے تھے، مگر اس بار  ان دونوں نے سمسی ندی کے کنارے  پر پہنچنے  سے تھوڑے فاصلہ پہلے ہی ندی میں چھلانگ لگائی تھی۔ ذوالفقار کو چھلانگ لگاتا دیکھ کر اس کے ساتھی نے بھی چھلانگ لگائی۔ یہاں ندی کافی گہری ہونےا ور پانی کافی زیادہ ہونے کی وجہ سے دونوں غرق ہونے لگے، یہ دیکھ کر  فوراً کشتی  والے نے کشتی پر موجود جال کی مدد سے ان کی مدد کرنے کی کوشش کی، ذوالفقار کافی  گہرائی میں پہنچ جانے کی وجہ سے جال اُس تک نہ پہنچ سکی ، البتہ اس کے ساتھی کو وہ بچانے میں کامیاب ہوگیا۔

پتہ چلا ہے کہ ندی میں غرق ہوکر لاپتہ ہونے والے ذوالفقار (24) کا  تعلق پڑوسی  ضلع ہاویری کے ہانگل سے ہے۔ ہوناور پولس کی مدد سے دوپہر سے ہی تلاشی مہم چلائی گئی ہے، مگرشام ہونے تک کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ پاس پڑوس کے علاقوں سے ماہر تیراک اور غوطہ خوروں  کو بھی   بلانے کی کوشش چل رہی تھی  تاکہ شام کا اندھیرا پھیلنے سے پہلے ہی ذوالفقار کا پتہ لگایا جاسکے۔


Share: