نئی دہلی،18؍ مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے معیشت، دہشت گردی، دفاع اور خارجہ پالیسی کو لے کر مودی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ملک کی معیشت کو برباد کر دیا۔
منموہن سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے لوگوں سے دو کروڑ ملازمتوں کا وعدہ کیا،لیکن دو لاکھ لوگوں کو بھی نوکری نہیں ملی۔کانگریس کے 84 ویں عظیم الشان اجلاس میں منموہن سنگھ نے کہا کہ مودی حکومت نے معیشت کو برباد کر دیا۔نوٹ بندی اور صحیح طریقے سے جی ایس ٹی کو نافذ نہ کئے جانے کی وجہ سے بہت سے لوگوں کا روزگار ختم ہوگیااور کاروبار کو نقصان پہنچا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے چھ سال میں کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کی بات کہی۔اس کے لئے ملک کی ترقی کی شرح کم سے کم 12 فیصد ہونا چاہئے جو ناقابل اعتمادہے۔ایسے میں ان کا یہ اعلان بھی محض وعدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور وہاں حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں۔مودی حکومت جموں و کشمیر کے مسئلے کو صحیح طریقے سے نہیں سنبھال پائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی میں مدد کرتا ہے جوناقابل قبول ہے۔یہ اسے سمجھنا ہوگا کہ ایسا کرنا اس کے اپنے مفاد میں نہیں ہے۔پرامن بقائے باہمی سے ہی ترقی کی جا سکتی ہے۔سنگھ نے کہا کہ بی جے پی حفاظت کو لے کر بھی بڑی بڑی باتیں کرتی ہیں، لیکن دفاعی خرچ بہت کم ہے۔اس معاملے میں بھی مودی نے جھوٹے وعدے کئے ہیں۔