ممبئی،05 /مئی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) شیوسینا نے منگل کو کہا کہ کشمیر کے ہندواڑا میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم کے دوران شہید ہوئے سیکورٹی فورسز کے پانچ جوانوں کا انتقام لینے کے لئے بغیر شور شرابہ کئے سرجیکل اسٹرائک کیا جانا چاہئے۔
شیوسینا نے کہا کہ بہادر فوجیوں کو اپنی ہی زمین پر مار دیا گیا اور یہ ایسے وقت میں ہوا جب مرکز میں مضبوط اور انتہائی محب وطن حکومت ہے۔
این ڈی اے کے سابق حلیف پارٹی شیوسینا نے کہا کہ ملک کورونا وائرس کے بحران میں کشمیر وار کو بھول گیا لیکن پاکستان نہیں بھول پایا۔ سیکورٹی فورسز کی طرف سے حال ہی میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑ رہے اسپتالوں پر پھول برسائے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے شیوسینا نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کر رہے پولیس اہلکاروں، ڈاکٹروں اور نرسوں کی تعریف جاری رہے لیکن کشمیر کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔
ادھو ٹھاکرے کے زیر قیادت پارٹی نے کہاکہ پانچ جوانوں کی شہادت کا بدلہ لینے کے لئے بغیر کسی طرح کے شور شرابے کے سرجیکل اسٹرائک کرنا چاہئے۔ یہ صحیح اشارہ نہیں ہے کہ ہمارے پانچ جوان ایک بار میں مار دئیے گئے۔ ستمبر 2016 میں اری دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان سے ہندوستان میں دراندازی کرنے کی کوشش کر رہے دہشت گردوں کو نشانہ بناتے ہوئے ہندوستانی فوج نے کنٹرول لائن کے اس پار سات دہشت گرد ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا۔
تاہم بعد میں کانگریس جیسی اپوزیشن پارٹیوں نے بی جے پی پر اس حملے کا استعمال سیاسی فائدے کے لئے کرنے کا الزام لگایا تھا۔ شیوسینا نے کہاکہ ہمارے جوان اپنی زمین پر مارے جا رہے ہیں۔ یہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایک مضبوط اور انتہائی محب وطن پارٹی دہلی میں اقتدار (مرکزی حکومت) میں ہے۔ہندوستان جب کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کر رہا ہے تب کشمیر سرحد پر دہشت گرد سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔
شیوسینا نے کہا کہ ہندواڑا تصادم میں شہید ہوئے ان جوانوں کے خاندانوں پر بھی پھول برسانا چاہئے تھاملک کے لئے سب سے زیادہ قربانی دینے والے جوانوں میں ایک مسلمان نوجوان بھی تھا اس لیے جو بھی ہندو مسلم سیاست کر رہے ہیں، انہیں یہ نہیں بھولنا چاہئے۔
شمالی کشمیر کے ہہندواڑا علاقے میں دو دن پہلے دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں فوج کے ایک کرنل اور ایک میجر سمیت سکیورٹی فورسز کے پانچ نوجوان دہشت گردوں کے ساتھ تصادم کے دوران شہید ہو گئے تھے۔ شہید ہوئے جوانوں میں 21 قومی رائفل کے کمانڈنگ افسر کرنل آشوتوش شرما، میجر انوج سود، نائک راجیش اور دنیش اور جموں و کشمیر پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر شکیل قاضی شامل ہیں۔