سولیا 9؍ستمبر (ایس او نیوز) سولیا کے کلاچارے نامی گاؤں میں اپنے گھر پر تنہا رہنے والے ایک بزرگ شخص کی سڑی گلی لاش بر آمد ہوئی ہے جس کے بارے میں شبہ کیا جارہا ہے کہ ا س کا قتل کیا گیا ہوگا۔
بند گھر سے بر آمد ہونے والی لاش کی شناخت سبرامنیا بھٹ (60سال) کے طور پر کی گئی ہے۔بھٹ کی موت کے بارے میں پاس پڑوس والوں کو اس وقت پتہ چلا جب ایک ڈاکیہ بھٹ کے گھر پر ڈاک دینے کے لئے پہنچاتو اس نے گھر کے اندر سے بدبو آنے کی بات بتائی۔چونکہ کچھ دنوں سے پڑوسیوں نے بھٹ کو گھر سے باہر نکلتے نہیں دیکھاتھا اس لئے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
سبرامنیا پولیس اسٹیشن سے وابستہ افسران نے بھٹ کے گھر پر پہنچ کر جائزہ لیا تو وہاں پر سڑی گلی لاش برآمد ہوئی جسے دیکھنے کے بعد اندازہ لگایا گیا ہے کہ موت کم از کم دس دن پہلے واقع ہوئی ہوگی۔ سبرامنیا بھٹ کی اس موت کے تعلق سے ابھی یہ بات صاف نہیں ہوئی ہے کہ یہ خود کشی کا معاملہ ہے یا کسی نے اسے قتل کردیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ سبرامنیا بھٹ نے اپنی بیوی اور بچوں سے تعلقات منقطع کرلیے تھے اور وہ تنہا ہی گھر پر رہا کرتا تھا۔ اس کے علاوہ رقم قرض دینے کے کاروبار میں ملوث تھا۔
علاقے کے کچھ لوگوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ جن لوگوں کے ساتھ رقم کے لین دین سے متعلق اس کا تنازعہ تھا ان لوگوں نے شاید تنہائی کا فائدہ اٹھا کر اسے قتل کردیا ہوگا۔حقیقت جو بھی ہوگی وہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولیس تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ ضلع ایس پی ڈاکٹر روی کانتے گوڈا، پتّور ڈی وائی ایس پی سرینواس، مقامی سرکل انسپکٹر ستیش کمار، اسٹیشن ہاؤس آفیسر گوپال اور دیگر پولیس عملے نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ تحقیقات کے لئے فنگر پرنٹس ماہرین اور ڈاگ اسکواڈ کا بھی سہارا لیا گیا۔لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے منگلورو اسپتال میں منتقل کیاگیا۔