پنجی،18؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کی گوا یونٹ کے انچارج دنیش گنڈو راؤ نے ہفتہ کو دعویٰ کیا کہ ترنمول کانگریس اپنی پارٹی میں شامل ہونے کے لیے دوسری پارٹیوں کے ممکنہ امیدواروں کو 10 کروڑ روپے سے 20 کروڑ روپے تک کی پیشکش کر رہی ہے۔ انھوں نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر کانگریس کو کمزور کرنے اور برسراقتدار بی جے پی کی مدد کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔
دنیش گنڈو راؤ نے پنجی میں کہا کہ ترنمول کانگریس نے گوا میں کیا تعاون کیا ہے۔ آج اس کے لیڈران کروڑوں-کروڑوں روپے لے کر آ رہے ہیں۔ لوگوں کو پیشکش کی جا رہی ہے، امیدوار بنو، ہم آپ کو 20 کروڑ روپے دیں گے... 10 کروڑ روپے دیں گے۔ یہ پیسہ کہاں سے اور کس لیے آ رہا ہے۔ اس کا مقصد کیا ہے۔‘‘
دنیش گنڈو راؤ نے کہا کہ ’’ایجنڈا بہت واضح ہے۔ وہ بی جے پی کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ اب ترنمول کانگریس سے اتحاد کو قبول کرنے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے، کیونکہ وہ کانگریس کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں، بی جے پی کو نہیں۔ یہ ان کا ایجنڈا ہے، تو ہم ان کے اتحاد کو کیسے قبول کر سکتے ہیں؟‘‘
کانگریس لیڈر نے یہ بھی کہا کہ ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی بی جے پی کے خلاف مہاگٹھ بندھن نہیں بنا رہی ہے، بلکہ بی جے پی مخالف پارٹیوں کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ دنیش گنڈو راؤ نے کہا کہ وہ مہاگٹھ بندھن کو ہی توڑ رہی ہیں، وہ آج ملک بھر میں گھوم رہی ہیں اور بی جے پی سے نہیں لڑنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ بی جے پی سے لڑنے کے نام پر وہ کانگریس کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، کانگریس کو تباہ کرنا چاہتی ہیں۔‘‘