بنگلورو،20؍مارچ(ایس او نیوز) کرناٹک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں جہاں اضافہ مسلسل ہو تا جا رہا ہے وہیں حکومت کی طرف سے احتیاطی تدابیر بھی بڑھائی جا چکی ہیں۔
جمعرات کے روز ریاست میں ایک اور شخص کے کورونا وائرس سے متاثر ہو نے کی تصدیق کے بعدمتاثرین کی تعداد اب 15ہو چکی ہے۔ جس متاثر شخص کی نشاندہی ہوئی ہے وہ16مارچ کو دوبئی سے بنگلورو آیا اور بنگلورو پہنچنے کے بعد وہ بس سے میسور اور پھر کوڈگو روانہ ہوا۔ اس کے بعد 17مارچ کو اس نے اسپتال پہنچ کر اپنی جانچ کروائی۔ 19مارچ کو یہ تصدیق ہو گئی کہ اس میں کورونا وائرس کی علامتیں موجود ہیں۔
اس دوران ریاست بھر میں اس وائرس سے سب سے زیاددہ متاثر ہونے والے کلبرگی میں احتیاطی طور پر ضلع انتظامیہ نے تین دن تک کے لئے دفعہ 144کے تحت امتناعی احکامات نافذ کر دئیے ہیں۔
اسی طرح شیموگہ ضلع میں بھی ایک ہفتہ کے لئے امتناعی احکامات نافذ کردینے کا اعلا ن کیا گیا ہے۔ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کے بی شیو کمار نے اعلان کیا کہ دفعہ 144کے تحت امتناعی احکامات کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان احکامات کے بعد ضلع میں کہیں بھی لوگوں کو بڑی تعداد میں جمع ہونے نہیں دیا جائے گا۔بیدر ضلع میں امتناعی احکامات کل ہی سے نافذ کئے جا چکے ہیں۔
کلبرگی ضلع کے ڈپٹی کمشنر شرت نے کہا کہ ضلع میں امتناعی احکامات احتیاطی طور پر نافذ کئے جا رہے ہیں اس کی وجہ سے عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ زیادہ تعداد میں لوگ ایک جگہ جمع نہ ہونے پائیں اس کے لئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
اس دوران ریاستی وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر سدھاکر نے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس کے شبہ میں اب تک 1143لوگوں کی جانچ کی گئی ہے ان میں سے صرف 15مریضوں میں اس کی علامتوں کی تصدیق ہو سکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے بنگلورواور منگلورو انٹر نیشنل ایرپورٹوں پر اب تک 1.22لاکھ سے زائد مسافروں کی اسکریننگ کی گئی ہے ان میں 86200کی جانچ بنگلورو میں اور 30606باشندوں کی جانچ منگلورو میں ہوئی-