نئی دہلی،27؍اپریل(ایس او نیوز؍ایجنسی) ملک میں کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے دی گئی 3 مئی تک لاک ڈاؤن کی مدت ختم ہونے میں اب صرف 7دن باقی ہیں لیکن کوروناوائرس کے مریضوں اور اموات میں دن بہ دن اضافے کی وجہ سے اس میں توسیع کے اشارے ملنے شروع ہوگئے ہیں -
لاک ڈاؤن کی وجہ سے کورونا وائرس کی رفتار رفتہ رفتہ کم پڑتی دکھائی دے رہی ہے،لیکن اس کے خاتمہ کیلئے مزید ایام درکارہیں -ایسے میں جہاں 3 مئی کے بعد بھی لاک ڈاؤن کو بڑھانے کی بات کہی ہے وہیں وزیر اعظم نرنیدرمودی نے اپنے ماہانہ ”من کی بات“ پروگرام میں کہا کہ ایک مہینے کے اندر کورونا کو ہرانا ہے اس لئے رمضان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید تک ہم اسے ہرائیں گے -
اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ وزیر اعظم نے من کی بات پروگرام میں کورونا کو ایک ماہ کے اندر ہرانے کیلئے اس لڑائی میں پھر سے پُر عزم ہونے کیلئے رہنمائی کی ہے اور ملک یقینی طورپر اس پر عمل کرے گا-
دوسری جانب کوروناوائرس پر بنی دہلی حکومت کی کمیٹی نے پہلے ہی کہہ دیا کہ اگر کورونا کو پوری طرح سے ہرانا ہے تو راجدھانی میں 16مئی تک لاک ڈاؤن کو بڑھانے کی ضرورت ہے- دہلی کی طرح ہی اب دیگر ریاستوں نے لاک ڈاؤن کو آگے بڑھانے کی بات کہنی شروع کردی ہے- کئی ریاستوں نے دیگر ریاستوں میں پھنسے مزدوروں کولانے کی کوششیں شروع کرکے یہ اشارہ دے دیا ہے کہ لاک ڈاؤن ابھی جاری رہے گا- ریاستوں کی خواہش ہے کہ لاک ڈاؤن مرحلہ وار کھولاجائے -اگر مزدوروں کے باہر رہتے ہوئے لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع ہوجاتی ہے تو صورتحال بے قابو ہوسکتی ہے-
واضح رہے کہ کورونا وائرس پر اب بریک لگتا دکھائی دینے لگا ہے- یہی وجہ ہے کہ مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، پنجاب، مغربی بنگال اور اڈیشہ نے لاک ڈاؤن کو آگے بڑھانے کی بات کی ہے-اسی کے ساتھ ہی6 ریاستوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ مرکزی حکومت کی ہدایت پر عمل کریں گے- ان ریاستوں میں آندھرا پردیش، ہریانہ، کرناٹک، تمل ناڈو، گجرات اور ہماچل پردیش شامل ہیں - آسام، کیرلا اور بہار نے ابھی تک اس سلسلے میں اپنی رائے نہیں دی ہے- ان ریاستوں نے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر ریاستوں کے وزرا ء سے بات کرنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ لیں گے-
تلنگانہ حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملے کے پیش نظر پہلے ہی لاک ڈاؤن کو 7 مئی تک بڑھا دیا تھا- ریاستی حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کو مزید بڑھا سکتی ہے، لیکن اس کا فیصلہ 5 مئی کو ہونے والی میٹنگ کے بعد کیا جائے گا- اسی طرح، مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے بھی کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کو آگے بڑھانا چاہئے- انہوں نے بتایا کہ مہاراشٹر میں، کورونا کے 92 فیصد مریض ممبئی اور پونے سے ہیں - لہٰذا کنٹین مینٹ زون اور ہاٹ اسپاٹ والے علاقوں میں لاک ڈاؤن کو 18 مئی تک بڑھایا جانا چاہئے-3 مئی کے بعد بھی لاک ڈاؤن پنجاب، اڈیشہ اور مغربی بنگال میں نافذ کیا جاسکتا ہے-
بتایا جارہا ہے کہ اس بار لاک ڈاؤن کو ریاستوں میں ان جگہوں تک بڑھایا جائے گا جو ہاٹ اسپاٹ ایریا ہیں - یہ پابندی مغربی بنگال میں کولکتہ، نارتھ24پردوں، ہوگلی، مشرقی میدنا پور اور نادیہ میں جاری رہے گی- اسی طرح، پنجاب نے یہ بھی کہا کہ وہ پوری ریاست سے لاک ڈاؤن کو مکمل طور پر ختم نہیں کرے گا-