ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کورونا: مفت جانچ کے حکم میں ترمیم کے لئے سپریم کورٹ میں عرضی

کورونا: مفت جانچ کے حکم میں ترمیم کے لئے سپریم کورٹ میں عرضی

Sat, 11 Apr 2020 23:09:26    S.O. News Service

نئی دہلی،11؍اپریل (ایس او نیوز؍یو این آئی) رجسٹرڈ نجی اسپتالوں اور لیباریٹریوں میں بھی کورونا وائرس ’کووڈ۔19‘ کی مفت جانچ کرائے جانے سے متعلق سپریم کورٹ کے گزشتہ حکم میں ترمیم کے سلسلے میں سنیچر کو ایک عرضی دائر کی گئی ہے۔

پیشے سے ڈاکٹر ڈاکٹرکوشل کانت مشرا نے اپنی عرضی میں عدالت عظمی کے گزشتہ 8 اپریل کے اپنے عبوری حکم میں ترمیم کرنے کی درخواست کی ہے جس کے تحت اس نے نجی لیباریٹریوں/اسپتالوں میں بھی کورونا انفیکشن کی جانچ مفت کرنے کے لئے مرکزی حکومت کو فوری طور سے ہدایات جاری کرے۔

عرضی میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نجی لیباریٹریوں، اسپتال معاشی طور سے کمزور برادری (ای ڈبلیو ایس) کے جن لوگوں کی جانچ کرتے ہیں ان کی فیس حکومت ادا کرے اور باقی لوگوں کے لئے انڈین میڈیکل ریسرچ کونسل (آئی سی ایم آر) کی جانب سے 17 مارچ کو جاری نوٹی فیکیشن کے تحت طے شدہ کم از کم جانچ فیس لینے کی اجازت نجی اسپتالوں/لیباریٹریوں کو دی جائے۔ یہ رقم 4500 روپے متعین کی گئی تھی۔

عرضی گزار نے اپنی عرضی میں کہا ہے کہ اگر عدالت عظمی اپنے عبوری حکم میں ترمیم نہیں کرتی ہے تو اس کا اثر کرونا وبا کی جانچ پر پڑے گا۔ ویسے بھی ملک میں کرونا وائرس انفیکشن کی جانچ کی رفتار قابل اطمینان نہیں ہے اور نجی لیباریٹریوں/اسپتالوں کے لیت ولعل سے صورت حال مزید خراب ہوگی۔

عرضی گزار کی جانب سے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے سامنے معاملے کی جلد سماعت کے لئے خصوصی مینشنگ بھی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ عدالت عظمی نے گزشتہ 8 اپریل کو ایک اہم عبوری حکم جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ رجسٹرڈ نجی اسپتالوں/لیباریٹریوں میں بھی کرونا وائرس انفیکشن ’کووڈ۔19‘ کی جانچ مفت میں کی جائے گی۔ جسٹس اشوک بھوشن اورجسٹس ایس رویندر بھٹ کی بنچ نے مرکزی حکومت کو اس معاملے میں فوری طور سے ضروری احکامات جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔


Share: