چنئی،21؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) دارالحکومت چنئی اور تین پڑوسی اضلاع میں کورونا وائرس (کووڈ- 19) کے پیش نظر لاک ڈاؤن کی مدت میں 12 دن کی توسیع کے سبب معمولات زندگی ٹھپ ہوچکیں ہیں اور سڑکیں سنسان و ویران نظر آ رہی ہیں۔ چنئی، تروولور، کانچ پورم اور چینپلپیٹ اضلاع میں کووڈ ۔19 کے کیسز میں تیز اضافے کے پیش نظر 19 جون کو انتظامیہ نے ان اضلاع میں لاک ڈاؤن کی مدت میں 30 جون تک توسیع کا اعلان کیا تھا۔
وزیر اعلی ای کے پلانی سوامی نے ان مقامات پر 12 روز کا مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا اور کہا تھا کہ 21 جون یعنی اتوار سے 28 جون تک مکمل لاک ڈاؤن رہے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ لوگ گھروں میں ہی رہیں۔ وزیر اعلی کے اعلان کے مطابق ان مقامات پر مکمل لاک ڈاؤن ہے اور معمولات زندگی مکمل طور پر ٹھپ پڑ چکی ہیں۔
ان 12 دنوں میں دودھ، میڈیکل،ادویات کی دکانوں اور اسپتالوں کے علاوہ 20 دیگر ضروری خدمات کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ سبھی کرانے، سبزیوں کی دکانیں، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ جنہیں محدود وقت کے ساتھ کام کرنے کی اجازت تھی وہ 12 دن کے لاک ڈاؤن کے دوران بند رہیں گے۔ چنئی پولیس کمشنر اے کے وشواناتھن نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں گزشتہ دو دنوں میں دو ہزار سے زائد ٹو وہیلرز، کاروں اور دوسری گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے۔