کنداپور17؍جنوری (ایس او نیوز) پچھلے دنوں میں کنداپور کے علاقے میں جو مردہ بندر پائے گئے تھے ان کے جسمانی اجزاء شیموگہ میں واقع وائرس جانچ کی لیباریٹری میں بھیج دئے گئے تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ جانچ کے دوران کیاسانور فاریسٹ ڈیسیز یا بندر بخار کے وائرس ان میں موجود ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت عامہ کی تعلقہ یونٹ نے انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن کو تحریری طور پر اس بات سے مطلع کیا ہے اور تمام جنرل پریکٹس کرنے والے ڈاکٹروں کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی مریض کے اندر بندر بخار کی علامات کا ذرا سا بھی شبہ ہوتو اس کے علاج میں پوری سنجیدگی اور احتیاط کا مظاہرہ کریں۔اور اس کے بارے میں مریضوں کو تعلقہ ہیلتھ سنٹروں سے رابطہ قائم کرنے کے لئے کہیں۔
اڈپی ضلع محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق مردہ انسانی آبادی میں مردہ بندر ملنے کا پہلا واقعہ سداپورتعلقہ میں پیش آیا تھا۔ اس کے بعدکنداپور، شیرور، بیندور، کنڈلوراور کارکلا وغیرہ میں الگ الگ مقامات پر مردہ بندر پائے گئے۔پوسٹ مارٹم کے بعد مردہ بندروں کے اجزاء کی لیباریٹری جانچ کے دوران کے ایف ڈی کے وائرس ان کے جگر، تِلّی (اسپلین)اور گردوں میں پائے گئے ہیں جب کہ ان کے دماغ، دل اور پھیپھڑوں میں یہ وائرس موجود نہیں تھے۔