کمٹہ،15؍ستمبر (ایس او نیوز)کمٹہ شہر میں دن بدن کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کو دیکھتے ہوئے کیرانی دکانداروں(گروسری) کی تنظیم نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے کے لئے غذائی اجناس والی پنساری دکانوں کو بندر کھا جائے۔
پنساری دکانداروں کی تنظیم طرف سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ:’’ 16ستمبر سے 21ستمبر تک ہول سیل یا ریٹیل غذائی اجناس کا روبار پوری طرح بند رکھا جائے گا۔ ہمارے کچھ بیوپاری کووڈ مرض کا شکار ہوگئے ہیں۔ہماری وجہ سے گاہکوں میں یہ مرض پھیلنے نہ پائے اس لئے دکانیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ کورونا پر قابو پانے اور صحت عامہ کےتحفظ کے لئے دکاندارو ں کی طرف سے لیے گئے اس فیصلے پر عمل درآمد کرنے میں پوری طرح تعاون کریں۔اپنے چہروں پر ماسک لگائیں اورآپس میں سماجی فاصلہ بنائے رکھیں۔‘‘
پنساری دکانداروں کے فیصلے کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر اجیت ایم نے کہا ہے کہ ’’دکانداروں نے خود اپنے طور پر رضاکارانہ جو فیصلہ کیا ہے اس میں تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے کوئی مداخلت نہیں کی جائے گی۔لیکن اس کی وجہ سے عوام کو کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آنی چاہیے۔ عوام کو چاہیے کہ کورونا کے سلسلے میں جو پروٹوکول اور گائڈلائنس جاری کیے گئے ہیں اس پر لازمی طور پر عمل کریں۔‘‘
یاد رہے کہ کمٹہ میں تاحال 752افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ 4 افراد کی موت واقع ہوئی ہے اور ابھی 256ایکٹیو مریض زیر علاج ہیں۔اب تک جملہ 492مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔