بھٹکل 10 اکتوبر (ایس او نیوز) کورونا لاک ڈاون کے بعد کل اتوار کو بھٹکل میں ہفتہ واری سنتے مارکٹ کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جس کے ساتھ ہی پورے سات ماہ بعد سنتے مارکٹ کھل رہی ہے۔
تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے سنتے مارکٹ کو کھولنے کی اجازت ملتے ہی کئی دکاندار سنتے مارکٹ میں اپنی دکانیں سجانے میں مصروف ہوگئے ہیں جبکہ کل صبح کی اولین ساعتوں میں اطراف کے دیہاتوں سے بھی کافی لوگ اپنی ترکاریاں اور فروٹس بیچنے سنتے مارکٹ پہنچنے کی توقع ہے۔
بھٹکل سنتے مارکٹ اتوار کے دن ساگر، ہنگل اور دیگر دور دراز علاقوں سے بھی لوگ ترکاریاں، فروٹس اور دیگر گھریلوں چیزیں لاکر فروخت کرتے ہیں اور بھٹکل کے عوام ہر اتوار کو بڑی تعداد میں سنتے مارکٹ پہنچ کر اپنی ضرورت کی چیزیں مناسب داموں پر حاصل کرتے ہیں۔
سنتے مارکٹ کو کھولنے کی اجازت کے تعلق سے بات کرتے ہوئے بھٹکل میونسپل چیف آفسر دیوراج نے بتایا کہ کورونا کے چلتے دکانداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ماسک پہننے کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلہ کو برقرار رکھیں، اسی طرح خریداروں پر بھی انہوں نے زور دیا کہ وہ کوویڈ کے چلتے ماسک پہن کر ہی سنتے مارکٹ جائیں اور ایک دوسرے سے سماجی دوری رکھتے ہوئے خریداری کریں۔