نئی دہلی،06؍جولائی (ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعہ کو علاحدگی پسند تنظیم دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی ، صوفی فہمیدہ اور ناہدہ نصرین کو دہلی کے پٹیالہ ہاوس کورٹ میں پیش کیا ، جہاں عدالت نے تینوں کو 10 دنوں کیلئے این آئی اے کی ریمانڈ میں بھیج دیا۔ خیال رہے کہ تینوں کو جمعہ کی صبح نئی دہلی منتقل کیا تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ این آئی اے نے 26 اپریل کو آسیہ اندرابی اور اْس کی دو قریبی ساتھیوں کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کی تھی۔ ان تینوں کے خلاف جموں وکشمیر کی ہندوستان سے علیحدگی کی مہم چلانے ، ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے اور لوگوں کو ملک کے خلاف تشدد پر اکسانے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
بتادیں کہ دختران ملت کی طرف سے جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں 23 مارچ 2018 کو یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں نہ صرف پاکستان کا قومی ترانہ گایا گیا تھا بلکہ پاکستانی پرچم بھی لہرایا گیا تھا۔