چامراج نگر،3؍مئی (ایس او نیوز) کرناٹک کے ضلع چامراج نگر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مختلف اسپتالوں میں 24 مریضوں کی موت ہو گئی۔
چام راج نگر کے ڈپٹی کمشنر روی نے کہا کہ ان میں سے 23 مریضوں کی موت سرکاری اسپتالوں میں ہوئی، جبکہ ایک مریض نے پرائیوٹ اسپتال میں دم توڑا۔ انہوں نے بتایا کہ مریضوں کی موت اتوار کی صبح آٹھ بجے سے پیر کی صبح آٹھ بجے کے درمیان ہوئی۔ اس کے علاوہ 11 دیگر مریضوں کی موت دیگرسنگین بیماریوں کے سبب ہونے کی رپورٹیں سامنے آئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر روی نے کہا کہ جن مریضوں کی موت ہوئی ہے، وہ تمام وینٹی لیٹروں پر تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان مریضوں کی موت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہوئی ہے، یہ ضروری نہیں ہے۔ چامراج نگر میں کورونا مریضوں کی موت کے باعث گردو نوح کے علاقوں میں آکسیجن کی کمی کے تعلق سے خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اتوار سے پیر کی صبح تک 24 کورونا مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ سب کی موت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔
ضلع انچارج اور وزیر سریش کمار نے بنگلورو میں صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے چامراج نگر ضلع سے اموات کے اعدادو شمارطلب کیے ہیں اور اموات کی اصل وجوہات کا پتہ لگایا جائے گا۔ قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ متوفین کے اہل خانہ نے اسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور قصوروار افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کرناٹک میں آکسیجن کی کمی سے 24 مریضوں کی موت، راہل گاندھی نے کہا- مرے یا مار دیئے گئے؟
کانگریس رہنما اور سابق صدر راہل گاندھی نے کرناٹک کے چام راج نگر میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے 24 مریضوں کی موت پر سوال اٹھایا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرکے پوچھا ہے کہ وہ مرے یا انہیں مارا گیا؟ راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ "ان کے اہل خانہ سے میری تعزیت، سسٹم کو جاگانے سے قبل کتنا دکھ؟
آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرناٹک کے چام راج نگر میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے 24 مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ آدھی رات کو پیش آیا۔ حادثے کے بعد 250 آکسیجن سلینڈر میسورو سے چامراج نگر بھیجے گئے تھے۔ دراصل، چامراج نگر اسپتال کو بیلاری سے آکسیجن ملنا تھی، لیکن آکسیجن ملنے میں تاخیر ہوئی، جس کی وجہ سے اتنا بڑا حادثہ پیش آیا۔