بنگلورو31 جنوری(ایس او نیوز) ریاست کرناٹک کے عازمین حج کے لئے ایک خوشخبری یہ ہے کہ اس مرتبہ کرناٹک کے حج کوٹہ میں 2ہزار حاجیوں کے اضافہ کا امکان ہے ۔اگر کوٹہ میں اتنا اضافہ ہوگیا تو فہرست انتظار کے تقریباً 2500 سیریل نمبر تک کے عازمین حج کوامسال سفر حج پر جانے کی منظوری مل جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ریاستی وزیربرائے غذا شہری رسدات ،اوقاف اورحج بی زیڈ ضمیراحمدخان نے اپنے متعلقہ افسروں سمیت آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر امور اقلیت وحج مختارعباس نقوی سے ملاقات کرکے ایک عرضداشت پیش کرکے یہ درخواست کی کہ ریاست کرناٹک میں2011 میں کی گئی مردم شماری میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے حج کوٹہ دیا جارہا ہے جبکہ کیرلا، گجرات اور جموں وکشمیر کو ان ریاستوں کی مسلم آبادی کے تناسب سے زیادہ حج کوٹہ دیا جارہا ہے اس ناانصافی کو دور کرنے کی ضمیراحمد نے درخواست کرتے ہوئے کہاکہ کرناٹک کو 6701 حاجیوں کا کوٹہ دیا گیا ہے ۔ اسے بڑھاکر 9ہزار کردینے کی انہوں نے گزارش کی۔وزیر موصوف کی اس گزارش پر عباس نقوی نے اس مرتبہ کرناٹک کے کوٹہ میں 2ہزار حاجیوں کا اضافہ کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ اس موقع پر ضمیراحمدخان نے مرکزی وزیر سے کہاکہ پچھلے سال بنگلورمیں ٹورآپریٹر نے سفرحج پر عین روانگی کے وقت 136 عازمین سے پوری رقم لینے کے باوجود دھوکہ دے دیا ۔وہ سفرحج پر جانے سے محروم ہوگئے ۔ان میں اکثریت آٹو رکشا ڈرائیوروں اور مزدور پیشہ افراد کی ہے ۔ دھوکہ کھانے والے نصف عازمین کا انتخاب قرعہ میں ہوچکا ہے ۔ بقیہ متاثرین کو افزود کوٹہ میں منتخب کرکے انہیں اس سال سفر حج پر روانہ کرنے کی منظوری دی جانی چاہئے ۔اس پر غورکرنے کا مرکزی وزیر نے تیقن دیا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ پرائیویٹ آپریٹرس کے خلاف شکایات ملک بھر سے موصول ہورہی ہیں وہ مرکزی حج کمیٹی کے ماتحت نہیں آتے لیکن انہیں مرکزی حج کمیٹی کے ماتحت لانے کے مناسب اقدامات کریں گے تاکہ آئندہ ان کے ذریعہ جانے والے زائرین کو کسی قسم کا دھوکہ نہ ہو۔ مرکزی وزیر سے ملاقات کے دوران ضمیراحمد کے ساتھ رکن کونسل وپارلیمانی سکریٹری عبدالجبار ،مائنارٹی ڈائرکٹوریٹ کرناٹک کے ڈائرکٹر اکرم پاشاہ آئی اے ایس ضمیراحمد کے پرائیویٹ سکریٹری محمد اشرف بھی موجود تھے ۔