ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں کورونا لاک ڈاون میں کی گئی دو ہفتوں کی توسیع؛اب 7 جون تک جاری رہے گا لاک ڈاون

کرناٹک میں کورونا لاک ڈاون میں کی گئی دو ہفتوں کی توسیع؛اب 7 جون تک جاری رہے گا لاک ڈاون

Fri, 21 May 2021 19:44:46    S.O. News Service

بنگلور 21 مئی (ایس او نیوز) کرناٹک کے وزیراعلیٰ بی ایس یڈی یورپا نے  کورونا لاک ڈاون میں  دوہفتوں کی توسیع کا اعلان کیا ہے جس کے ساتھ ہی اب لاک ڈاون  جو 24 مئی کو ختم ہونے والا تھا، وہ اب 7 جون تک  جاری رہے گا۔

جمعہ کولاک ڈاون میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے یڈی یورپا نے بتایا کہ ریاست میں   کووڈ 19 کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے   ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کی سفارش پر  لاک ڈاون میں توسیع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اس وقت جو لاک ڈاون جاری ہے، اُسی کی مدت کو بڑھا کر 7 جون کیا گیا ہے۔ لاک ڈاون کے قوانین میں کسی طرح کی کوئی  تبدیلی نہیں کی جارہی ہے۔

وزیر اعلیٰ یڈی یورپا نے بتایا کہ  دیہاتی سطح پر کووڈ کو پھیلنے ، انسانی جانوں کو بچانے   اور عوام کی بھلائی کے لئے   ہمیں یہ فیصلہ لینا پڑا ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ لاک ڈاون کے اُصولوں پر  عمل کریں اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ  ہم نے سوچا تھا کہ 24 مئی تک لاک ڈاون رکھنےپر  کورونا مثبت معاملات میں کمی آئے گی اور حالات قابو میں آجائیں گے، مگر پتہ چلا ہے کہ اب یہ وباء  شہروں سے دیہاتوں میں پھیل رہی ہے، جس کی روک تھام کے لئے لاک ڈاون کی مدت میں توسیع کرنا ضروری ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب لاک ڈاون 7 جون  کو صبح چھ بجے تک  نافذ رہے گا۔

یڈی یورپا نے بتایا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ کچھ  لوگ  لاک ڈاون   کے امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کررہے ہیں اور صبح  چھ بجے سے دس بجے تک  ضروری اشیاء کی خریداری کی جو چھوٹ رہتی ہے، لوگ  غیر ضروری طور پر  باہر گھومتے رہتے ہیں، اگر  ضروری اشیاء کی خریداری کے لئے صبح دس بجے تک  کا وقت دیا گیا ہے تو عوام کو  چاہئے کہ وہ 9:45  بجے ہی  اپنے گھر پہنچ جائیں اور غیر ضروری طور پر  باہر نہ گھومیں۔یڈی یورپا نے کہا کہ  ہم نے پولس کو سخت کاروائی کرنے اور گاڑیوں کو ضبط کرنے کی ہدایت دی ہے۔

بلیک فنگس کے تعلق سے  وزیراعلیٰ یڈی یورپا نے بتایا کہ   اس بیماری کا علاج  بے حد مہنگا ہونے کی وجہ سے  عام لوگوں کے لئے  اس  علاج کا خرچہ  برداشت کرنا  ممکن نہیں ہے، اس لئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بلیک فنگس کا علاج تمام ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں مفت میں  کیا جائے۔

 


Share: