ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں سنڈے لاک ڈاؤن کا آغاز ، بنگلورو میں رات 8 بجے سے پیر کی صبج 5 بجے تک لاک ڈاؤن نافذ

کرناٹک میں سنڈے لاک ڈاؤن کا آغاز ، بنگلورو میں رات 8 بجے سے پیر کی صبج 5 بجے تک لاک ڈاؤن نافذ

Sun, 05 Jul 2020 14:10:31    S.O. News Service

بنگلورو،5؍جولائی(ایس او نیوز) کرناٹک میں ان دنوں کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے ۔ ریاست کا دارالحکومت بنگلورو اب کورونا کا بھی کیپٹل بنتا جارہا ہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے ہفتہ واری لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ یعنی ریاست بھر میں اس ماہ کے ہر اتوار کو لاک ڈاؤن رہے گا ۔ بنگلورو میں اس ہفتہ واری لاک ڈاؤن کا آغاز آج بروز سنیچر کی رات 8 بجے سے شروع ہوا ہے ، جو پیر کی صبح 5 بجے تک جاری رہے گا ۔

33 گھنٹوں پر مشتمل اس کرفیو میں صرف ضروری خدمات اور کاروبار بحال رہیں گے ۔ اسپتال ، میڈیکل اسٹور ، دودھ ،  سبزی ، راشن ، گوشت کی دکانیں کھلی رہیں گی ۔ ہوٹل ، ریسٹورنٹ ، شراب کی دکانیں ، بیوٹی پارلر، حجام کی دکانیں ، کپڑے ، جوتے ، چپل ، سونا ، چاندی ، ہارڈویئر ، الیکٹرانکس اشیا اور اس طرح کی تمام دکانیں بند رہیں گی ۔ پارک ، کھیل کود کے میدان سب بند رہیں گے ۔ اس لاک ڈاؤن کے دوران سٹی بس سروس ، آٹو ، ٹیکسی سروس بھی بند رہے گی ۔ بنگلورو میں میٹرو ٹرین کی سروس گزشتہ تین ماہ سے بند ہے ۔ریاست میں 8 جون سے عبادت گاہوں کو عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے ۔ لیکن 33 گھنٹہ پر مشتمل ہفتہ واری لاک ڈاؤن کے دوران تمام عبادت گاہیں بھی بند رہیں گی ۔

بنگلورو سٹی جامع مسجد کے خطیب و امام مولانا مقصود عمران رشادی نے کہا کہ مسجدوں میں صرف مسجد کا عملہ ہی نماز ادا کرے گا ۔ لوگ اپنے اپنے گھروں میں رہ کر جماعت کے ساتھ فرض نمازیں ادا کرلیں ۔ لاک ڈاؤن کے اوقات کے بعد مسجدوں کا رخ کریں ۔ بنگلورو پولیس نے سختی کے ساتھ ہفتہ واری لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رات 8 بجے سے ہی شہر کے تمام فلائی اوور اور اہم سڑکوں کو بیریکیڈ ڈال کر بند کردیا گیا ۔ غیر ضروری طور پر موٹر سائیکل اور کاروں میں گھومنے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بنگلورو کے پولیس کمشنر بھاسکر راو نے ٹویٹ کے ذریعہ لوگوں کو گھروں میں ہی رہ کر اتوار منانے کی اپیل کی ہے ۔ بھاسکر راو نے کہا کہ لوگ کسی بھی طرح کی رعایت نہ مانگیں ، کیونکہ یہ بند ہر ایک کے فائدے کیلئے ہے ۔

اس دوران کرناٹک کے ایک شہر میں لوگوں نے منفرد فیصلہ کیا ہے۔ ہاسن ضلع کے چن رائن پٹن میں لوگوں نے 14 دنوں تک رضا کارانہ طور پر بند منانے کا اعلان کیا ہے ۔ یہاں آج  مقامی تحصیلدار، عوامی نمائندوں اور تاجروں کی میٹنگ ہوئی ۔ تمام نے ملکر 5 جولائی سے 14 دنوں تک رضاکارانہ طور پر لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہفتہ میں صرف 3 دن صبح 6:30 تا  11:30 بجے تک ہی اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔


Share: