نئی دہلی،18؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) بی جے پی کے ایم پی شتروگھن سنہا نے اپنی پارٹی پر اکثریت نہ ہونے کے باوجود بھی کرناٹک میں حکومت بنانے کے فیصلے پر سوال کھڑے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جگاڑ اور دباؤ کی سیاست قابل قبول نہیں ہے۔ شتروگھن سنہا نے کرناٹک انتخابات کے نتائج آنے کے بعد ٹویٹ کے ذریعے کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کو کرناٹک میں حکومت بنانے کا موقع دیئے جانے کی وکالت کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر بالواسطہ طور پر نشانہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آگ سے کیوں کھیل رہے ہیں؟ جمہوریت کے حامی اب نظام کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ جو لوگ جمہوریت کا پاٹھ پڑھاتے ہوئے نہیں تھکتے تھے و ہ اب غیر آئینی طور پر اقتدار پرتسلط کرنے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جگاڑ اور دباؤ کی یہ سیاست دولت اور طاقت کے بل نہ توقابل قبول ہے اور نہ ہی ا س کی ضرورت ہے ۔ شتروگھن نے کہا کہ کسی بھی طرح جیت حاصل کرنے کے لئے ہمہ وقت عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ انہوں نے مشورہ نہیں دیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو میگھالیہ، منی پور اور گوا کے لئے درست تسلیم کیا گیااب اس کو کرناٹک کے لئے بھی درست سمجھا جانا چاہئے۔ شتروگھن نے کہا کہ ہم عدلیہ کے تئیں بہت زیادہ احترام رکھتے ہیں۔ امید ہے کہ انصاف ضرورملے گا۔