بیدر۔22؍ڈسمبر۔(محمدامین نواز/ایس او نیوز) آج کانگریس جنتادل (ایس) کی مخلوط حکومت کی کابینہ میں توسیع کی گئی ۔جملہ 8وزرا کو کابینہ میں شامل کیا گیا جن میں بیدر(شمال)کے رکن اسمبلی جناب محمد رحیم خان بھی شامل ہیں ۔آج گورنر ہاؤس میں ایک رنگا رنگ حلف برداری تقریب میں جناب محمد رحیم خان نے اللہ کے نام پر انگریزی میں حلف لیا۔اس موقع کرناٹک کے گوورنر مسٹر وجو بھائی والا ‘چیف منسٹر کرناٹک مسٹر ایچ ڈی کمار سوامی ‘ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر جی پرمیشورشہ نشین پر موجود تھے ۔
حلف برداری تقریب حلقہ اسمبلی بیدر (شمال )کے رکن اسمبلی جناب محمد رحیم خان کی کابینہ میں شمولیت پر بیدر شہر میں آج ان کے چاہنے والوں نے بڑے پیمانے پر جشن و آتشبازی کا مُظاہرہ کیا ۔حلقہ اسمبلی بیدر (شمال) کے ہر چوراہے اور نکڑ پر آتشبازی کرتے ہوئے رحیم خان کی تعریف میں نعرے بلند کرتے دیکھے گئے۔
جناب محمد رحیم خان اپنی 52سال کی عمرمیں سیاسی میدان میں یوتھ لیڈر کی حیثیت سے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔2006ء میں کانگریس کے ایکزیکٹیو رکن بنائے گئے ۔جناب محمد رحیم خان بحیثیت رکن اسمبلی بیدر2009سے2013اور 2016سے2018 کے ساتھ ساتھ حکومتِ کرناٹک نے انھیں کرناٹک اسٹیٹ ویر ہاؤسنگ کارپوریشن کا چیرمن بھی نامزد کیا تھا اور وہ HKRDB گلبرگہ کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں ۔اب بھی وہ بیدر (شمال) کے رکن اسمبلی ہیں ۔
حلقہ اسمبلی بیدر کی تاریخ میں جناب محمد رحیم خان نے تیسری مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔جناب محمد رحیم خان ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں ‘مگر انھوں نے اپنی محنت و مشقت سے تعلیمی میدان میں قدم رکھتے ہوئے بیدر‘ گُلبرگہ اور بنگلور میں اپنے تعلیمی ادارے قائم کئے ہیں جہاں ہزاروں طلباء حصول تعلیم کیلئے داخلہ لے کر تشنگی علم سے سیراب ہونے ملک بھر سے آتے ہیں۔جناب محمد رحیم خان سیاسی خدمات کے ساتھ سماجی و تعلیمی خدمات بھی انجام دیتے ہیں ۔غریب مستحق طلباء کیلئے داخلہ فیس ‘غربا کی شادیوں میں امداد ‘حاجیوں کی خدمات ‘کے علاوہ آئی کیمپ‘اور خون کا عطیہ کیمپ ‘عازمین حج کیلئے تربیتی کیمپ کا انعقاد بھی اپنی جانب سے کرتے آرہے ہیں
جناب محمد رحیم خان کو کابینہ میں شامل کرنے کے بعد اب کابینہ میں بیدر ضلع سے تین وزراء ہوگئے۔رحیم خان سے قبل جنتادل(ایس) کے بنڈپا قاسم پور اور کانگریس کے راج شیکھر پاٹل بھی کرناٹک کابینہ میں پہلے سے ہی موجود ہیں ۔