نئی دہلی،15؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس پارٹی کے لیڈر ہریش راوت نے کانگریس سے درخواست کی ہے کہ پارٹی انہیں نکال دے ۔ ہریش راوت کے مطابق جو اتراکھنڈ کے لیے کانگریس کے انتخابی مہم کے سربراہ تھے، ان پر کئی سنگین الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ وہ ان الزامات سے شدید پریشان ہیں۔
آج ایک ٹویٹ میں ہریش راوت نے لکھا کہ عہدے اور پارٹی ٹکٹ بیچنے کا الزام بہت سنگین ہے اور اگر ایسے شخص پر یہ الزامات لگائے جا رہے ہیں جووزیر اعلیٰ رہاہے، جو پارٹی کا ریاستی صدر رہا ہے۔ جو پارٹی کے جنرل سکریٹری رہ چکا ہو اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن رہا ہو تو بہت ہی افسوس ناک ہے۔
تاہم اس ٹویٹ میں ہریش راوت نے ان پر الزام لگانے والے لیڈر کا نام نہیں لیا۔ لیکن ہریش راوت نے نشاندہی کی ہے کہ ان پر الزام لگانے والا شخص پارٹی میں اہم عہدے پر فائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسے ایک شخص کے حامیوں کی طرف سے پھیلایا جا رہا ہے جو ایک انتہائی اہم عہدے پر ہیں۔
ہریش راوت نے لکھا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ کانگریس مجھے اس الزام کے لیے پارٹی سے نکال دے۔ کانگریس نے ریاست اتراکھنڈ میں راوت کی قیادت میں اسمبلی انتخابات لڑے تھے۔ کل 70 اسمبلی سیٹوں میں سے کانگریس صرف 19 سیٹیں جیت سکی۔ نیز ہریش راوت بھی اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات میں ہار گئے ہیں۔ انہوں نے لال کنواں سیٹ سے الیکشن لڑا تھا۔