ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس سینئر لیڈروں کے اجلاس میں پنچایت اور بوتھ سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے پر اتفاق

کانگریس سینئر لیڈروں کے اجلاس میں پنچایت اور بوتھ سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے پر اتفاق

Tue, 01 Dec 2020 11:34:25    S.O. News Service

بنگلورو،یکم دسمبر  (ایس او نیوز) ہندوتوا کسی کی جاگیر نہیں، ہندوستانی روایات اور تہذیب ہی ہمارا ثاثہ ہے۔گاندھی جی اور سوامی ویویکانندا کا ہندوتوا ہی ہمارا ہندوتوا ہے، ہم اسی پر بات کریں گے۔ اس ملک کے آئین کا تحفظ کرنا ہمارا فرض اور ذمہ داری ہے۔ریاستی اسمبلی کے اگلے اجلاس میں لو جہاد بل پیش کرنے کے تعلق سے کئے گئے سوال پر جواب دیتے ہوئے کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار نے ان خیالات کا اظہار کیا۔آج یہاں بنگلورو سے 30کلومیٹر کے فاصلہ پر دیونہلی کے سویس ٹاؤن میں منعقدہ کانگریس کے سینئر لیڈروں کے اجلاس کے بعد ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیوکمار نے بتایا کہ آج کانگریس کے منتخب60سینئر لیڈروں کے اجلاس میں بشمول ریاست کی سیاسی صورتحال مختلف معاملات پر مباحثہ ہوا۔ اس اجلاس میں پارٹی میں تین نئے شعبے جیسے کلچرل شعبہ، ڈرائیورس شعبہ اور کوآپریشن شعبہ قائم کرنے پر اتفاق ہوا۔ ان تینو ں شعبوں کی کمیٹیاں تعلقہ تا ریاستی سطح پر قائم ہوں گی۔ ان پیشوں سے تعلق رکھنے والے افراد ہی ان کمیٹیوں کے ممبرس ہوں گے۔اس اجلاس میں دوسری صف کے لیڈروں کو تیار کرنے اورانہیں تربیت دینے کے سلسلہ میں بھی تبادلہ خیال ہوا۔

گرام پنچایت انتخابات: شیوکمار نے گرام پنچایتوں کے انتخابات کے ا علان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابات کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے اعلان کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آج کے اجلاس میں کانگریس قائدین مسٹر احمد پٹیل اور رون گوگوئی کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے دونوں کو خراج عقیدت پیش کی گئی۔ انہوں نے بتایاکہ بہت جلد پارٹی پنچایت اور بوتھ سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے گی جن میں تمام طبقات کو نمائندگی دی جائے گی۔

کسانوں کے مفادات کا تحفظ: دہلی اور شمالی ہندوستان میں ہم سب کو اناج فراہم کرنے والے کسانوں پر ہورہے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے شیوکمار نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ کی طرح اب بھی کسانوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ کسانوں کے مسائل فوری حل کرنے اور زرعی قوانین میں کی گئی ترمیمات کو فوری واپس لینے کا انہوں نے مطالبہ کیا۔

9 ٹیموں کی تشکیل: شیوکمار نے کہا کہ گرام پنچایت انتخابات میں پارٹی امیدوار کے حق میں مہم چلانے ہر چھوٹے اور بڑے لیڈر کے لئے مختلف دیہاتوں، اضلاع اور اسمبلی حلقوں کا دورہ کرنا ضروری ہے۔ اس کے لئے پارٹی نے 9ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔اس کی فہرست بہت جلد جاری کی جائے گی۔ان دوروں کے دوران ریاستی بی جے پی حکومت کی غلطیوں اور ناکامیوں سے متعلق لوگوں کو آگاہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اس ملک کے آئین کا تحفظ کرنے کی پابند ہے۔نااہل اراکین اسمبلی ایچ وشواناتھ کو وزارت میں شامل نہ کرنے عدالت کے حکم سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ عدالت کے معاملہ میں وہ بحث کرنا نہیں چاہتے۔ پارٹی کے سینئر لیڈروں کے اجلاس میں اپوزیشن کانگریس لیڈر سدارامیا، ملیکارجن کھرگے، ڈاکٹرکے رحمن خان، سلیم احمد، ایشور کھنڈرے، ستیش جارکی ہولی، ضمیراحمد خان، نصیراحمد، ڈاکٹر سید نصیر حسین، ابھے چندر جین اور دیگر نے شرکت کی۔اخباری کانفرنس میں کانگریس میڈیا کے بی ایل شنکر اور وی آر سدرشن نے بھی حصہ لیا۔


Share: