کاروار:5/اگست (ایس اؤنیوز)اترکنڑا ضلع انتظامیہ کی طرف سے 15اگست کو کاروار پولس میدان میں 71واں یوم ِآزادی منایا جائے گا، اس موقع پر تمام سرکاری ملازمین لازمی طورپر شریک ہونے کا ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے حکم جاری کیا ہے۔
ڈی سی دفتر میں منعقدہ یوم آزادی کی پیشگی تیاری میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے آزادی کاجشن دھوم دھام سے منایا جائے گا، اپنے اپنے دفاتر کے پروگراموں کو انجام دینے کے بعد لازمی طورپر تمام سرکاری افسران ،ملازمین پریڈ میدان پروگرام میں شریک ہونے کی بات کہی۔ چونکہ یہ ایک ضلعی پروگرا م ہوتاہے اس کے لئے تمام تعاون درکار ہے ، اسی طرح تعلقہ سطح سے طلبا کو پروگرام میں شریک کرانے کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں۔
یوم آزادی کو صبح 9بجے ضلع نگراں کاروزیر پریڈ میدان میں پرچم کشائی کریں گے، اس کے بعد مارچ پاسٹ،سلامی ، مہمان خصوصی کی طرف سے پیغام اور اسکول بچوں کی طرف سے ثقافتی پروگرام منعقد ہونے کی جانکاری دی ۔ شام کو رنگ مندر میں بھی بچوں کی طرف سے ثقافتی پروگرام پیش کئے جائیں گے جن محکمہ جات کے افسران کو ذمہ داری دی گئی ہے ان کاکام ہے کہ وہ کسی کمی کے بغیر ہرایک پروگرام بہتر انداز میں منعقد کریں۔یوم آزادی کے موقع پر کاروار شہر کی صفائی کریں۔ عوام اپنے گھروں میں تہوار کی مانند جشن منائیں۔ سرکاری دفاتر کو قمقموں سے سجائیں ، لازمی طورپر صفائی کرنے کی بات کہی۔
میٹنگ میں ڈی سی نے زور دے کر بتایا کہ پلاسٹک کے جھنڈوں کو ہرگز استعمال کرنے نہ دیں، مکمل پابندی عائد کریں، کھادی اوررنگ ماند نہ ہونے والے جھنڈوں کو استعمال کرنے کی بات کہی۔ پرچم کشائی کے دوران اصول وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری محکمہ جات کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی بات کہی۔ میٹنگ میں ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ ونایک پاٹل سمیت تمام ضلعی سطح کے افسران موجود تھے۔