کاروار :۲۳/ستمبر (ایس او نیوز)سال رواں 2اکتوبر کو گاندھی جینتی کے موقع پر اترکنڑا ضلع بھر میں سوچیتا ابھیان یعنی صفائی مہم منائی جائے گی، عوام از خود اس میں شامل ہوکر تعاون کرنے کی ڈی سی ایس ایس نکول نے اپیل کی ہے۔
وہ جمعہ کو صفائی مہم کے متعلق پیشگی تیاریوں کے لئے منعقد ہوئی میٹنگ میں بات کررہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی سطح سے لے کر دیہی سطح تک صفائی مہم کے متعلق پروگرام ہونگے ، صفائی کے متعلق عوام میں بیداری پروگرام، پلاسٹک استعمال نہ کرنے کی اپیل اور پلاسٹک پابندی کو مکمل طورپر نفاذ وغیرہ کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ مہم میں صرف سرکاری افسران اور عملہ ہی شریک نہیں ہوگا بلکہ مختلف تنظیمیں ، ادارے اور عوام بھی ذمہ داری سمجھتے ہوئے شریک ہونے کی اپیل کی ۔
عملی منصوبہ : 2اکتوبر کو ضلعی نگراں کار وزیر آر وی دیش پانڈے گاندھی مجسمہ کو پھول کا ہار پہناتے ہوئے گاندھی جینتی کا اجراء کریں گے ، اس کے بعد کاروار کے رویندرناتھ ساحل پر صفائی مہم کا افتتاح کریں گے۔ مہم کو کامیاب بنانے کے لئے کاروار کی سطح پر 10ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے۔ دو دن ساحل اور قومی شاہراہ کے کناروں پر صفائی مہم ہوگی ، یہاں ماہی گیر تنظیموں کو متحرک ہوکر شامل ہونے کی با ت کہی۔ تمام محکمہ جات کے دفاتر میں صفائی ہوگی ، دفاتر میں میسر سہولیات کا استعمال کرتے ہوئے دفاتر کو سجانے جیسے رنگین بنانا، چونا لگانا وغیرہ کاکام کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ انہوں نے تعلقہ جات افسران کو بھی اس طرف توجہ دینے کی بات کہتے ہوئے کہاکہ صفائی مہم ضلعی مرکز پر ہی مرکوز نہ رہے بلکہ تعلقہ جات کی سطح پر عملی منصوبہ بناکر عملی کام کریں۔ تمام اسپتال ، دوکانیں، ہوٹلس ، اسکول و کالجس ، بس اسٹانڈس ، شہری مقامی ادارے اور گرام پنچایت حدود کے مقامات کی صفائی کرتے ہوئے عوام میں بیداری پیدا کرنے کی بات کہی۔ صفائی مہم کے دوران تمام بلدیہ مزدوروں کے صحت کی طبی جانچ کے لئے کیمپ منعقد کئے جانے کی جانکاری دی ۔ اس موقع پر اپر ڈی سی ایچ، پرسنا، ہبلی انکولہ ریلوے زمین قبضہ جاتی افسر سداشیو پربھو اور مختلف محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔