کاروار 15؍دسمبر (ایس او نیوز) کائیگا میں واقع جوہری توانائی کے مرکز میں مزید دو نئے یونٹس قائم کرنے کا جو منصوبہ زیرغور ہے اس کے سلسلے میں عوامی شکایات اور احوال جاننے کے لئے 15دسمبر کو عوامی اجلاس منعقد ہوناطے تھا۔ لیکن سابق رکن اسمبلی ستیش سائیل کی قیادت میں عوام کی طرف سے ایڈیشنل ڈی سی ڈاکٹر سریش ایٹنال کو میمورنڈم دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ اجلاس کو ملتوی کیا جائے۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ عوام کی شکایات سننے کے لئے این سی پی ایل ٹاؤن شپ کے اندر اجلاس کرنا طے پایا ہے جبکہ وہاں پر عوام کے داخلے پر پابندی ہے۔ لہٰذا اس اجلاس کو ملتوی کرتے ہوئے عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے کسی عام جگہ یہ اجلاس منعقد کیاجائے ۔ اس سے عوام کو اپنی شکایات افسران کے سامنے رکھنے کے لئے بھی مزید وقت اور موقع ملے گا۔ماحولیات سے متعلق قانون کی رو سے بھی جس مقام پر ایسے پروجیکٹ شروع کیے جانے ہوتے ہیں وہاں پر عوامی سہولت والے مقامات پر ہی عام اجلاس منعقد کرکے عوام کی رائے جاننا ضروری ہے۔
اس موقع پر سابق رکن اسمبلی ستیش سائیل کے علاوہ ایڈوکیٹ کے آر دیسائی، بلاک کانگریس صدر سمیر نائک ، میونسپل کاونسلر پریما نند گونگی، وسیدھا اولیکر، ایڈوکیٹ سنجے سالنکے، جن شکتی ویدیکے کے مادھو نائک، سواتھی دیسائی وغیرہ موجود تھے۔