کاروار:13؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز)شہری سطح پر میونسپالٹی کی جانب سے پارکنگ منصوبے کے تحت فیس لینے کے خلاف چیمبر آف کامرس، ہوٹل اسوسی ایشن ، کپڑا بیوپاری سمیت مختلف تاجروں نے میونسپالٹی کے روبرو احتجاج کیا۔
احتجاج کو دیکھتےہوئے میونسپالٹی صدر ڈاکٹر نتین پکلے ، احتجاجیوں سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ میونسپالٹی کا پارکنگ فیس عائد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ سوشیل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلائی گئی ہیں۔ فی الحال کہیں بھی فیس عائد نہیں کی جائےگی۔ لیکن اگلے دنوں میں اس تعلق سے میونسپالٹی کی میٹنگ میں فیصلہ لئے جانےکی جانکاری دی ۔ احتجاجیوں کی طرف سے جیتندر تنا، اجئے ساوکار، جگدیش ، پریتم ماسورکر، متھون ریونیکر، ماروتی رانے وغیرہ موجود تھے۔
احتجاجیوں کاکہنا تھا کہ ہوٹل ، کامپلکس وغیرہ کو آنے والے گاہک اپنی بائک راستوں پر پارک کرتے ہیں تو انہیں بھی پارکنگ فیس کاپابند بنایاگیا تو تجارت کےلئے نقصان دہ ہوگا۔ میونسپالٹی کمشنر آر پی نائک نے کہاکہ ہرایک سے فیس نہیں لی جارہی ہے، خوامخواہ جھوٹی خبروں کو پھیلایا جارہاہے، اس سلسلےمیں اخباری بیان بھی جاری کئےجانےکی جانکاری دی ۔ شہر کے چند راستوں پر صبح سویرے 7بجے 10-15کار کھڑی کی جارہی ہیں جس کے چلتے ٹرافک کو دشواریاں پیدا ہورہی ہیں۔
جیتندر تنا نے ہورڈنگ کرایہ پر سخت اعتراض جتاتے ہوئےکہاکہ اس سے قبل سالانہ 20ہزار روپئے کرایہ لیاجاتاتھا جس میں اچانک اضافہ کرتے ہوئے سالانہ 75ہزارروپئے کیاگیا ہے تو کمشنر آرپی نائک نے پلٹ کر سوال کیا کہ جب ہورڈنگ نصب کاری کے متعلق ٹینڈر بلایاگیا تھا تو تب کوئی بھی شریک کیوں نہیں ہوا۔ اس موقع پر ودھان پریشد کے رکن گنپتی الویکر، پی ایس آئی سنتوش کمار ، ٹرافک پولس پی ایس آئی ناگپا اور دیگر موجود تھے۔
اخبارنویسوں سے بات کرتےہوئے میونسپالٹی صدر ڈاکٹر نتین پکلے نے بتایا کہ میونسپالٹی کی جانب سے ٹرافک ضوابط کو نافذ کرنے کا ارادہ ہے، لیکن سوشیل میڈیا پر اس تعلق غلط خبر پھیلاتےہوئے عوام کو مشتعل کیاجارہاہے۔ میونسپالٹی کا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ پارکنگ فیس عائد کی جائے۔ جہاں ٹرافک کا دباؤ ہے وہاں میونسپالٹی چند قوانین کو نافذ کرتےہوئےسواریوں اور عوام کو راحت دینے کا مقصد ہے اسی لئے پارکنگ کا منصوبہ تشکیل دیاجارہاہے۔ پارکنگ منصوبے کو تجرباتی طورپر نافذ کیاجائےگا اس دوران عوام کو کسی قسم کی دقت ، مشکل پیش آتی ہے تو ہماری توجہ مبذول کرائی جائے اور ہم اس کے مطابق تبدیلی بھی کریں گے۔ صدر نےکہاکہ کاروار کی میونسپالٹی عوام مخالف نہیں ہے۔