ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: بدلتے ہوئے سمندری موسم کے پیش نظر ماہی گیر کشتیوں میں31؍دسمبرسے قبل  دو طرفہ مواصلاتی آلہ رکھنالازمی

کاروار: بدلتے ہوئے سمندری موسم کے پیش نظر ماہی گیر کشتیوں میں31؍دسمبرسے قبل  دو طرفہ مواصلاتی آلہ رکھنالازمی

Sun, 06 Dec 2020 11:56:39    S.O. News Service

کاروار؍دسمبر (ایس او نیوز)آج کل سمندری موسم میں اچانک غیر معمولی تبدیلیاں دیکھی جارہی ہیں۔ تیز ہوائیں چلنے اور اونچی لہریں اٹھنے کا سلسلہ اچانک ہی شروع ہو جانے سے کشتیوں کے غرقاب ہونے اور جانی ومالی نقصانات کے واقعات  با ر بار پیش آنے لگے ہیں۔حکومت  نے اس صورت حال پر قابو پانے کے لئے ایک نیا حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت 31دسمبر سے قبل ہر قسم کی ماہی گیر کشتیوں میں دو طرفہ مواصلاتی آلہ رکھنا لازمی ہوگا۔

خیال رہے کہ ساحلی کرناٹکا کے بعض علاقوں میں’اسکائلو ‘ٹیکنالوجی کے ساتھ بی ایس این ایل کی طرف سے فراہم کردہ مواصلاتی آلہ استعمال کیا جارہا ہے، مگر ضلع شمالی کینرا کے ماہی گیر وں نے ابھی اس کو اپنایا نہیں ہے۔ کاروار کے نتین گاؤنکر نامی ایک ماہی گیر کشتی کے مالک نے بتایا کہ ’’حفاظتی نقطہ نظر سےماہی گیر کشتیوں کے لئے بی ایس این ایل کا        ’اسکائلو ٹرانسپونڈر‘نہایت کار آمد ہے۔اب تو حکومت نے بھی اس کے استعمال کو لازمی قراردیتے ہوئے حکم جاری کیا ہے۔جنوبی کینرا اور اڈپی ضلع کے ماہی گیر اس کا استعمال کررہے ہیں۔  شمالی کینرا کی کشتیوں میں مچھیروں   اور کشتی مالکوں کے جانی ومالی تحفظ کے پیش نظر اسکائلو آلہ کا استعمال کرنا بہت ہی مفید ہوگا۔ میں نے اپنی کشتی پر سب سے پہلے اس کا استعمال شروع کردیا ہے۔‘‘

سیٹلائٹ سے رابطہ کے تحت دو طرفہ مواصلات کی سہولت فراہم کرنے والے اسکائلو آلہ سمندر میں 300ناٹیکل میل (تقریباً 555کیلو میٹر) کے فاصلے تک مواصلاتی رابطہ فراہم کرتا ہے۔اس آلہ کی مدد سے موبائل پر معلومات بھیجی اور حاصل کی جاسکتی ہیں۔اس سے کشتی کی پوزیشن اور لوکیشن معلوم کی جاسکے گی۔اس کے استعمال سے سمندر میں موسم کی اچانک تبدیلی ، گہرے پانیوں میں پیش آرہے حادثات اور ناخوش گوار واقعات کی  صورت میں سمندر میں موجود دوسری کشتیوں اورکوسٹل سیکوریٹی فورس سےبروقت  رابطہ قائم کرنے    کے علاوہ ا یمرجنسی کی اطلاع ساحل پر متعلقہ افراد اور محکمہ جات کو دینا آسان ہوجاتا ہے جس سے حادثہ کا شکارہونے والی کشتی یا ماہی گیروں تک فوری مدد پہنچاناممکن ہوجاتا ہے۔کسی بھی ایمرجنسی کے موقع پر اس آلہ میں موجود ’پیانک‘ (خوف وہراس) بٹن دبانے پر لمحہ بھر میں متعلقہ افراد اور افسران کو پیغام پہنچ جاتا ہے۔اس طرح بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے بچا جاسکتا ہے۔


Share: