کاروار:4/اپریل(ایس اؤنیوز) شہر کے گاندھی نگرمارکیٹ میں بلدیہ سے ملحق پچھلے 50-60سالوں سے یومیہ کرایہ پر اپنی زندگی کا گزارہ کررہے باکڑا دکانداروں کے ساتھ کسی بھی طرح کی نا انصانی نہیں ہونے دی جائے گی۔ اس بات کا یقین رکن اسمبلی ستیش سئیل نے دلایا۔
گاندھی نگر مارکیٹ کا دورہ کرنے کے بعد وہ باکڑا دکانداروں کے مسائل کو سماعت کرنے کے بعد اخبارنویسوں سے بات کررہے تھے۔ رکن اسمبلی نے بتایا کہ خستہ حالت کی مین مارکیٹ کو منہدم کرکے ایک سال کا عرصہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں مچھلی بیچنے والی خواتین کو فوری طور پر مارکیٹ کی ضرورت ہے ،یہ مسئلہ ہمارے سامنے ہے، پہلے جہاں مارکیٹ تھی اسی جگہ نئی جدیدسہولیات سے آراستہ مارکیٹ کی تعمیر کے لئے بلدیہ نے 8کروڑ روپئے مختص کئے ہیں، نئی مچھلی مارکیٹ کے لئے موجودہ جگہ کافی نہیں ہے، اسی سے متصل سنڈے مارکیٹ کی پرانی عمارت منہدم کردی جائے تو 12گنٹہ زمین دستیاب ہوگی ، جو مچھلی مارکیٹ کو وسعت دینے کے لئے استعمال کی جائے گی، جہاں دو منزلہ مچھلی مارکیٹ کی تعمیر ہوگی۔ جو بیوپاری عمارت خالی کریں گے انہیں 200مربع فٹ کی دکانیں کچھ شرائط کے ساتھ مہیا کرنے کے لئے ضلع ڈی سی کے ساتھ گفتگو کرنے کا تیقن دیا۔ مچھلی مارکیٹ کی تعمیر کے بعد گاندھی مارکیٹ کی عمارت کاانہدام ہوگا اور وہاں ایک نئی تجارتی کامپلکس کی تعمیر کئے جانےکی اطلاع دی ۔ جو بیوپاری سنڈے مارکیٹ سے دکانیں خالی کریں گے انہیں عارضی طورپر گاندھی نگر مارکیٹ کی خالی دکانیں فراہم کئے جانےکی بات کہی۔ سنڈے مارکیٹ ، گاندھی نگر مارکیٹ اور قریب کی ترکاری مارکیٹ کا دورہ کرتے ہوئے بیوپاریوں سے بات چیت کی ، ان کے مسائل کی سماعت کرنے کے علاوہ حالات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کانگریس لیڈر شمبھو شٹی ، نند کشور نائک، سنجئے باڈکر وغیرہ موجود تھے۔