ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار میں قائم ہوئی بچوں کے لئے ’چائلڈ فرینڈلی‘ خصوصی عدالت؛ کرناٹکا ہائی کورٹ جسٹس بی اے پاٹل کے ہاتھوں افتتاح

کاروار میں قائم ہوئی بچوں کے لئے ’چائلڈ فرینڈلی‘ خصوصی عدالت؛ کرناٹکا ہائی کورٹ جسٹس بی اے پاٹل کے ہاتھوں افتتاح

Sun, 26 Jan 2020 20:35:52    S.O. News Service

کاروار 26/جنوری (ایس او نیوز) بچوں کے ساتھ ہوئے جنسی ہراسانی اور عصمت دری کے مقدمات پوکسو قانون کے تحت نپٹانے کے لئے ریاست کی تیسری ’چائلڈ فرینڈلی‘ خصوصی عدالت کاروار میں قائم کی گئی۔اس کا افتتاح کرناٹکا ہائی کورٹ کے جسٹس بی اے پاٹل کے ہاتھوں عمل میں آیا۔

 اس عدالت کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کا ماحول گھر جیسا بنایاگیا ہے اور متاثرہ بچوں اور ان کے والدین کے لئے پیش آئے ہوئے معاملات کی تفصیل کسی جھجھک اور خوف کے بغیرکھل کر بیان کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ریاست میں جملہ 17’چائلڈ فرینڈلی عدالتیں‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اور پہلی دو عدالتیں بنگلورو میں قائم کی گئی ہیں۔

 اس موقع پرمحکمہ عدلیہ،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اور دیگر اداروں کے زیراہتمام ایک اجلاس منعقد کیاگیا جس میں جسٹس پاٹل نے وکیلوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکیلوں کو عدالت کے اندرخود کو ٹیچر نہیں بلکہ بچوں کے مقام پر رکھ کر معاملات کی تفصیل اور جرح جج کے سامنے پیش کرنا چاہیے اور متاثرین کو انصاف دلانے کی کوشش کرنا چاہیے۔اگر وکیل ٹیچر کا کردار نبھائیں گے تو سامنے کرسی پر بیٹھا ہوا جج بچے کی طرح وکیلوں کے بیانات سنے گا اور اسی کے مطابق فیصلہ کرے گا۔

 انہوں نے کہا کہ بچوں کے لئے خصوصی عدالت کے قیام بہت دنوں سے ضلع کے عوام کررہے تھے، آج ان کی یہ مانگ پوری ہوگئی ہے۔یہ ضروری ہے کہ قانونی معاملات میں پھنسے بچوں کے دل میں قانون کے تعلق سے بے جا خوف پیدا نہ ہو۔بچوں کے بیانات درج کرواتے وقت وکیلوں اور ججوں کے اندر اچھا صبر وتحمل رہنا چاہیے۔

اس موقع پر ضلع ڈپٹی کمشنر ہریش کمار، چیف ڈسٹرکٹ و سیشنس جج ویپھل پجاری، ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیو پرکاش دیوراجو، ضلع پنچایت سی ای او محمد روشن، ضلع بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ایڈوکیٹ ایس اے قاضی اور دیگر محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔
 


Share: