بھٹکل:30؍نومبر (ایس او نیوز) ڈی ڈی ایل آر دفتر کے آفیسر لکشمی نارائن کی جانب سے کاروار کے بی ٹی وی رپورٹر کو مبینہ طور پر دھمکا کر دفتر سے باہر جانے کے لئے گیٹ آؤٹ کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے بھٹکل تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کی طرف سے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کی معرفت ریاستی وزیراعلیٰ کے نام میمورنڈم سونپا گیا جس میں متعلقہ آفیسر کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
میمورنڈم میں کہاگیا ہے کہ بی ٹی وی رپورٹر جب ڈی ڈی ایل آر دفتر پہنچا تو وہاں موجود آفیسر لکشمی نارائن نے رپورٹر کے ساتھ برا سلوک کیا اور انہیں گیٹ آؤٹ کہہ کر دھمکی دی۔ میمورنڈم میں بتایا گیا ہے کہ ایسے افسران کی وجہ سے پوری آفیسر برادری بدنام ہوتی ہے اور ایسے میں ایک رپورٹر کو اپنا کام کرنا بھی دشوار ہوتا ہے۔میمورنڈم میں اس بات کی مانگ کی گئی ہے کہ ریاست میں جہاں جہاں پر بھی رپورٹروں پرحملے ، دھمکی اور غیر ذمہ دارانہ حرکات کا ارتکاب کیا جارہاہے ایسے افسران اور عملے کے خلاف کارروائی کی جائے اور آئندہ کے لئے نگرانی کی جائے۔
اس موقع پر ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے ضلعی صدر رادھا کرشنا بھٹ، مقامی صدر بھاسکر نائک، جنرل سکریٹری موہن نائک ، فیاض ملا سمیت کئی دیگر رپورٹرس موجود تھے۔