کنداپور 9 جنوری (ایس او نیوز) کنداپور سے بنگلور جانے کے دوران چکمنگلور ضلع کے تاریکیرے میں ایک کار مخالف سمت سے آنے والی دوسری کار سے تیز رفتاری کے ساتھ ٹکراگئی جس کے نتیجے میں کنداپور کے میاں بیوی سمیت کار ڈرائیور بھی حادثے میں ہلاک ہوگیا۔ حیرت کی بات یہ رہی کہ کار پر سوار ایک گیارہ ماہ کی بچی معجزاتی طور پر بالکل محفوظ رہ گئی۔ حادثہ سنیچر کو پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کنداپورتعلقہ کے کوٹیشور سے تعلق رکھنے والے انل کمار (30) اپنی اہلیہ اشونی (26) اورگیارہ ماہ کی بچی کو ساتھ لے کر کنداپور کوڈی کے رہنے والے ناگیندر شیریگار (32) کی ہونڈائی کار پر سوار بنگلور جارہے تھے کہ تاریکیرے میں ان کی کار مخالف سمت سے آنے والی ایکو اسپورٹس کار سے ٹکراگئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ڈرائیور ناگیندر وینکٹ رمن شیریگار نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ انل اور اشونی کو شدید زخمی حالت میں شموگہ کے میگان اسپتال لے جایا گیا مگر راستے میں ہی ان دونوں نے بھی دم توڑ دیا۔ میاں بیوی کی ایک گیارہ ماہ کی معصوم بچی اس حادثے میں محفوظ ہے مگر یتیم ہوگئی ہے۔ پتہ چلا ہے کہ میاں بیوی دراصل بس پر بنگلور جانے والے تھے، مگر عین موقع پر انل کمار نے بس کے بجائے کار پر جانے کا فیصلہ کیا تھا۔
دوسری کار پر سوار تاریکیرے تعلقہ کے کرکوچّی کے رہنے والے کرن اور اشوت کو معمولی چوٹیں آئی ہیں ، البتہ حادثے میں دونوں کاروں کے پرخچے اُڑ گئے ہیں۔یہ دونوں کرکوچّی سے تیرتاہلّی جارہے تھے جس کے دوران تاریکیرے کے رنگن ہلّی قصبہ میں دونوں کاروں کا تصادم ہوگیا۔
حادثے کے فوری بعد کافی بڑی تعداد میں مقامی لوگ جمع ہوگئے اور دونوں کاروں کو الگ کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا۔ اطلاع ملتے ہی لکّا ولی پولس بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی۔ پولس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔