بھٹکل 14/جنوری (ایس او نیوز) پیاز کے کاروبار میں بھٹکل سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تاجروں کو تقریباً 40کروڑ روپے دھوکا دینے کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ممبئی پولیس نے بھٹکل بدریہ کالونی کے رہنے والے محمد اعجازاسماعیل بھیستی(29سال) کو گرفتار کرلیا۔
محمد اعجاز بھیستی اصل میں ہبلی کا باشندہ ہے اور وہ گزشتہ کچھ برسوں سے بھٹکل کی بدریہ کالونی میں مقیم ہے۔ مہاراشٹرا پولیس کے مطابق اعجاز اور اس کے ساتھیوں نے مہاراشٹرا کے جلگاؤں سے خان نامی ایک کاروباری سے نومبر 2019میں 6لوڈ پیاز خریدے تھے اوراس کے بعد تاجر کو 34لاکھ روپے بقایا ادا نہیں کیے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ پیاز کے اس کاروباری نے اس کے ساتھ کی گئی دھوکا دہی کی وجہ سے خودکشی کی کوشش کی تھی۔ اس معاملے میں اعجاز کے علاوہ اعجاز کے بھائی محمد شفیق اسماعیل بھیستی، ہارون رشید، محمد ارشادسمیت جملہ پانچ ملزمین کے خلاف ایم آئی ڈی سی پولیس نے کیس درج کرلیا تھا۔اور ملزمین کی گرفتاری کے لئے تلاشی مہم شروع کی تھی۔ جس کے بعد بھٹکل کے ایک ویران علاقے کے جنگل میں چھپے ہوئے اعجازکو شکنجے میں لینے میں مہاراشٹرا پولیس کو کامیابی ملی۔
گرفتار کیے گئے ملزم سے پوچھ گچھ سے پتہ چلا ہے کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں اس کی ٹولی نے پیازکے کاروباریوں کے ساتھ اسی طرح دھوکا دہی کی ہے۔ انہوں نے ’رَبا ٹریڈرس‘ نامی دکان کھول رکھی تھی اور بہت بڑے تاجر کے روپ میں ملتے تھے اور پیاز ایکسپورٹ کرنے کے نام پر تاجروں سے خریداری کرتے تھے۔ یہ بات بھی معلوم ہوئی ہے کہ کچھ دن پہلے چند پیاز کے تاجر اعجاز اور شفیق کی تلاش میں بھٹکل آئے تھے مگر وہ خالی ہاتھ لوٹ گئے۔ ان سے دھوکہ کھانے والے پیاز کے کاروباریوں نے بتایا کہ یہ دونوں بھائی داڑھی اور ٹوپی کے ساتھ بڑے دیندار بنے پھرتے ہیں اور بات بات میں دین کی باتیں کرتے ہیں۔ نماز کے وقت اول صف میں نظر آتے ہیں اوراس طرح لوگوں کو اپنے ایمان دار ہونے کا بھروسہ دلاتے ہیں۔ خودبھٹکل میں بھی کچھ تاجروں کو انہوں نے تقریباً2.5کروڑ روپے کا چونا لگانے کی بات بھی معلوم ہوئی ہے۔