نئی دہلی،25؍ستمبر (ایس او نیوز؍یواین آئی) وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر اور فوڈ اینڈ سپلائی اور صارفین امور کے وزیر رام ولاس پاسوان نے آج کہا کہ پیاز کی قیمتوں میں اضافہ عارضی ہے اور جلد ہی اس پر قابو پالیا جائے گا-تومر اور پاسوان نے آج یہاں الگ الگ پریس کانفرنس میں کہا کہ کئی بار پیاز کی قیمت کو لے کر ایسے حالات پیدا ہوئے ہیں لیکن جلد ہی اس پر کنٹرول حاصل کر لیا جائے گا- نیفیڈ کی جانب سے جلد ہی مزید پیازکا انتظام کیا جائے گا- حکومت کا کام قیمت میں توازن بنانا ہے اور یہ کام کیا جا رہا ہے - پاسوان نے کہا کہ ہر سال ستمبر سے لے کر نومبر تک آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمت کو لے کر خطرناک صورتحال پیدا ہوتی ہے- اس بار آلو اور ٹماٹر کی قیمت کنٹرول میں ہے لیکن سیلاب اور برسات کی وجہ سے پیاز کی قیمت بڑھی ہے -قابل ذکر ہے کہ اوپن مارکیٹ میں پیاز کی خوردہ قیمت70سے80روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے -پاسوان نے کہا کہ ریاستوں کو سستی قیمت پر پیاز دستیاب کرائی گئی ہے - حکومت کے پاس بفر اسٹاک میں 35000ٹن پیاز دستیاب ہے - تری پورہ اور دہلی حکومت کو پیاز دستیاب کرائی گئی ہے اور دوسری ریاستیں بھی پیاز لے سکتی ہیں -