پتور 11/ نومبر (ایس او نیوز) گونڈیا ندی کے کنارے اپنے دوست کی ویڈیو ریکارڈنگ کرنے میں مصروف ایک نوجوان پیر پھسل کر پانی میں گر گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے لاپتہ ہوگیا ۔
ندی میں غرقابی کے بعد لاپتہ ہونے والے نوجوان کا نام سیتا رام (19 سال) بتایا جاتا ہے، جو کہ راجستھان کا رہنے والا ہے ۔ یہ نوجوان بنگلورو سے اسپیئر پارٹس کی ڈیلیوری دینے کے لئے یہاں آیا تھا ۔ بدھ کے دن بنگلورو واپس لوٹتے وقت وہ ہائی وے کے کنارے پر موجود ندی کی طرف اتر گیا ۔ اس نے وہاں ایک بڑے پتھر پر کھڑے ہوکر نہانے دھونے کے بعد اپنی گاڑی کے ڈرائیور دھرما رام کے نہانے کی ویڈیو گرافی بنانے لگا ۔ اس دوران پیر پھسلنے سے وہ ندی میں گر گیا اور نظروں سے غائب ہوگیا ۔
اس حادثہ کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد اور فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوع پر پہنچا اور مختلف ٹیموں نے ندی میں لاپتہ نوجوان کی تلاش شروع کردی مگر ناکامی کا منھ دیکھنا پڑا ۔ اپن انگڈی پولیس نے کیس درج کرلیا ۔
منگلورو : کانکریٹ مکسنگ ٹرک اور اسکوٹر میں تصادم ۔ اسکوٹرسوار خاتون ہلاک
منگلورو 11/ نومبر (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے پر پڈیل کے قریب ایک کانکریٹ مکسنگ ٹرک اور اسکوٹر کے درمیان ٹکر کی وجہ سے اسکوٹر سوار خاتون موت کا شکار ہوگئی ۔
مہلوک خاتون کا نام پورنیما (34 سال) بتایا جاتا ہے، جو کہ شہر کے ایک ہاسپٹل میں ملازمت کرتی تھی ۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی ڈیوٹی ختم کرکے گھر واپس لوٹ رہی تھی ۔ ٹرک کی ٹکر سے پورنیما بری طرح زخمی ہوگئی تھی ۔ فوراً اسپتال پہنچانے کی کوشش کی مگر اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا ۔
کنکن ناڈی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ۔
کنداپور : کار شیڈ دھماکہ میں زخمی شخص چل بسا
کنداپور 11/ نومبر (ایس او نیوز) حال ہی میں کنداپور تعلقہ کے بیلور میں پیش آئے کار شیڈ دھماکہ میں دنیش شیٹی اور وسنتی شیٹی نامی جو میاں اور بیوی سنگین زخمی ہوئے تھے ، ان میں سے دنیش کی موت واقع ہوگئی ہے ۔
موصولہ اطلاع کے مطابق دھماکہ کے بعد علاج کے لئے منی پال کے کے ایم سی ہاسپٹل میں داخل کیے گئے دنیش شیٹی نے علاج کارگر نہ ہونے پر دم توڑ دیا جبکہ وسنتی شیٹی کی حالت ابھی نازک بنی ہوئی ہے ۔
سمجھا جاتا ہے کہ دنیش شیٹی کے مکان سے متصل کار شیڈ میں جو دھماکہ ہوا تھا اس کا سبب شیڈ میں رکھا گیا کوئی دھماکہ خیز مادہ ہے ۔ اس حادثہ میں دنیش کا آدھے سے زیادہ جسم بری طرح جل گیا تھا ۔ دھماکہ سے کار شیڈ اور گھر کے کچھ حصے کی وائرنگ اور کار شیڈ میں رکھی ہوئی جل گئی تھیں اور کار کا باہری حصہ جل کر خاک ہوگیا تھا ۔ اس کے علاوہ مکان کے کچن روم کی کھڑکیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا ۔
بنٹوال : خودکشی پر اکسانے کے الزام میں 4 افراد پر ہوا کیس درج
بنٹوال 11/ نومبر (ایس او نیوز) وٹل میں 10 اکتوبر کو نیشمیتا (22 سال) نامی نوجوان لڑکی نے تالاب میں کود کر جو خودکشی کی تھی اس معاملے میں 4 افراد پر کیس درج کیا گیا ہے جن پر الزام انہوں نے نیشمیتا کو خودکشی پر اکسایا تھا ۔
بتایا جاتا ہے کہ نیشمیتا 10 اکتوبر کو اپنے گھر سے غائب ہوگئی تھی اور دوسرے دن اس کی لاش تالاب سے برآمد ہوئی تھی ۔ تالاب کے قریب ہی ایک تحریر ملی تھی جس میں نیشمیتا نے اسے خودکشی پر اکسانے والوں کے نام لکھے تھے ۔
لڑکی کی ماں نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ہے اس کی بنیاد پر پرشانت ، دنیش ، یشونت اور رکشیت کے خلاف کیس درج کر لیا گیا ۔
منگلور: کریڈٹ کارڈ فراڈ معاملہ میں 2 تبتی باشندے گرفتار
منگلورو 11/ نومبر (ایس او نیوز) کریڈٹ کارڈ فراڈ معاملے میں ضلع شمالی کینرا کے منڈگوڈ کی تبتی کالونی سے تعلق رکھنے والے دو تبتی باشندوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمین کی شناخت لوبسانگ سانگیس (24 سال)، داکپا پھنڈے (24 سال) ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ منگلورو اتاور کے رہنے والے الیکزینڈر نامی ایک شخص نے 9 ستمبر کو سائبر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی کہ اس نے تین سال تک ایک کریڈٹ کارڈ استعمال کیا تھا اور پھر بینک کی فیس میں اضافہ کی وجہ سے اپنا کارڈ امسال 23 مارچ کو بینک کے پاس واپس جمع کروایا تھا ۔ جب اس کا بینک اسٹیٹمنٹ نکالا گیا تو اس میں غیر قانونی طور پر مختلف کھاتوں میں جملہ 1,12,000 ٹرانسفر کرنے کی تفصیلات درج تھیں ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے اس معاملہ میں تحقیقات کے ان دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے ۔ پتہ چلا ہے کہ ملزمین ممنوعہ چینی ایپ 'وی چیاٹ' اور 'ریڈ پیاک' کا استعمال کرتے ہوئے مختلف کھاتوں میں رقم ٹرانسفر کر رہے تھے ۔ اس کے علاوہ 'موبیکوک' ایپ کے ذریعہ اتر پردیش اور مہاراشٹرا کے 'فِن کیئر' جیسے چھوٹے فائنانس بینکوں میں الیکزینڈر کے کھاتے سے 1,12,000 روپے ٹرانسفر کئے تھے ۔ جس میں شمالی کینرا کے لوبسانگ سانگیس کا کھاتہ بھی شامل ہے ۔
پولیس کشمنر ششی کمار کا کہنا ہے کہ اس معاملہ کو بڑی سنجیدگی سے لیا جائے گا کیونکہ فراڈ کا یہ معاملہ شکایت کنندہ کی طرف سے اپنا کریڈٹ کارڈ بینک میں واپس جمع کیے جانے کے بعد پیش آیا ہے ۔ اس معاملہ میں بینک کا کیا کردار ہے اس پر بھی تفتیش کی جائے گی ۔
اڈپی : دودھ کی لاری اور اسکوٹر کے بیچ ٹکر سے ایک شخص ہلاک
اڈپی 11/ نومبر (ایس او نیوز) گوڈے انگڈی ہیریاڈکا کے پاس دودھ لےجانے والی لاری کی ٹکر سے ویگنیش پجاری نامی ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔
ویگنیش کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ منی پال پریس میں ملازم تھا ۔ جب وہ نائٹ شفٹ میں اپنی ڈیوٹی ختم کرکے منی پال سے بیلور میں واقع اپنے گھر کی جانب لوٹ رہا تھا تو اڈپی کی طرف جارہی دودھ کی لاری نے اس کے اسکوٹر کو ٹکر ماری اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا ۔
ہیریاڈکا پولیس اسٹیشن کے افسران نے جائے حادثہ پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس درج کرلیا ۔