ٹمکورو6؍اکتوبر(ایس اونیوز) ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سو ل رائٹس کی جانب سے ٹمکورو کے ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ایک میمورنڈم دیتے ہوئے درخواست کی گئی ہے کہ 10نومبر کو ٹیپو جینتی کے موقع پر شہر میں عوام کے لئے مناسب تحفظ فراہم کیا جائے۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ حضرت ٹیپو سلطان کی جینتی منانے کی تقریبات سرکاری حکم کے مطابق منائی جاتی ہیں۔ لیکن کچھ سیاسی پارٹیاں اس سے غلط سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش میں لگی رہتی ہیں۔سال2016میں گُبّی ویرنّا آڈیٹوریم میں جب ٹیپو جینتی کی تقریب منائی جارہی تھی توکچھ شرپسندوں نے آڈیٹوریم میں زبردستی گھس کر پروگرام میں رکاوٹیں پید اکرنے کی کوشش کی تھی۔اسی دن شہر کے ایم جی روڈ پر حضرت ٹیپو سلطان کے خلاف ہتک آمیز ریمارکس والے پوسٹرس بھی چسپاں کردئے تھے۔اس طرح شرپسند وں کا منصوبہ یہ رہتاہے کہ ہمارے جذبات کو مجروح کرتے ہوئے ہمیں اشتعال دلاکر سماج کے امن و امان میں خلل ڈالنے اور نفرت بھڑکانے کاکام کیا جائے۔اس وقت ان شرپسندوں کے خلاف پولیس کے پاس شکایت بھی درج کروائی گئی تھی ، لیکن اس سلسلے میں پولیس نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔
اے پی سی آر کے ضلعی صدر تاج الدین شریف کی دستخط کے ساتھ ایس پی کو دئے گئے اس میمورنڈم میں اس بات کا بھی تذکرہ کیاگیا ہے کہ سال 2017میں ٹیپو جینتی منانے کے لئے پولیس کی طرف سے مناسب بندوبست کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ پولیس کی یہ کارروائی قابل ستائش تھی۔لہٰذا مطالبہ کیا گیا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی پولیس پوری احتیاط او چوکسی برتے اور ٹیپو جینتی کے پروگرام پرامن انداز میں منانے کے لئے تمام ضروری تحفظ فراہم کرنے کا بندوبست کرے۔