منگلورو 19/ مارچ (ایس او نیوز) کرناٹکا فِش ڈیولپمنٹ کارپوریشن (کے ایف ڈی سی) 'متسیا بندھو' نامی ادارے کے اشتراک سے ریل میں سفر کرنے والوں کے لئے 'مچھلی کے چِپس' فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
'متسیا بندھو' کے ڈائریکٹر گووند پجاری نے بتایا کہ محکمہ ریلوے کے ماہرین کی ایک ٹیم نے ان مچھلی کے چِپس کی جانچ کی ہے اور اسے 'اے' گریڈ دیا ہے۔ جلد ہی محکمہ ریلوے اور کے ایف ڈی سی کے درمیان فش چپس اور مچھلی کی دیگر مصنوعات فروخت کرنے کے سلسلے میں معاہدہ طے پائے گا۔
گووند پجاری نے بتایا کہ فی الحال مچھلی کے چِپس بنگلورو کے ہیبال میں واقع ایک فیکٹری میں تیار ہورہے ہیں اور امسال دسمبر کے بعد اڈپی ضلع کے بیندور میں تعمیر ہورہی نئی فیکٹری میں یہ چِپس تیار کیے جائیں گے۔ ضلعی سطح پر اسٹاکسٹس نامزد کرنے کے لئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں جنہیں یہ پروڈکٹ ڈسٹری بیوٹرس کے توسط سے مقامی طور پر سپلائی کرنے کی ذمہ داری دی جائے گی۔
'فش چپس' مچھلی میں سے چربی کا مادہ نکالنے کے بعد تیار کیے جاتے ہیں۔ اس میں بڑی مقدار میں پروٹین، اومیگا 3فیاٹ، وٹامن ڈی اور بی 2 اور دیگر قدرتی غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں سے کسی قسم کی بِساند (ناگوار بوُ) بھی نہیں نکلتی۔ یہ چپس پالک، گاجر، ٹماٹر اور مسالہ جیسی چار اقسام کے ساتھ 40 روپے اور 20 روپے قیمت والے پیاکٹس میں دستیاب ہونگے۔