ٹمکور8؍اکتوبر (ایس او نیوز) گاڑی چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا، موبائل فون پر بات کرنا، شراب پی کر گاڑی چلانا سمیت روڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف معاملہ درج کر کے سخت کارروائی کی جائے۔ یہ ہدایت محکمہ ٹرانسپورٹ اور پولیس افسروں کو ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر کے راکیش کمار نے دی۔ انہوں نے یہاں ٹمکور شہر میں واقع محکمہ ٹرانسپورٹ کے دفتر میں منعقدہ ڈسٹرکٹ روڈ سیفٹی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے جاری ہدایت کے مطابق ڈسٹرکٹ روڈ سیفٹی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی ضلع میں سڑک کے حادثوں پر قابو پانے اورروڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل کرنے پر زور دے گی۔ اس کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس ہے ۔
آئندہ اجلاس میں ضلع میں حادثوں پرقابو پانے کیلئے روڈ سیفٹی کے اقدامات پر غور کیا جائے گا اور اس تعلق سے متعلقہ افسروں کو شاہراہ اتھارٹی، سٹی کارپوریشن، محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے انجینئروں کی ٹیم کے ساتھ مل کر 30دنوں کے اندر ٹیکنیکل رپورٹ تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی چلانے والے روڈ سیفٹی کے تعلق سے بہت ساری چیزوں سے ناواقف ہوتے ہیں، ان میں روڈ سیفٹی قوانین کے تعلق سے بیداری لانے کی شدید ضرورت ہے۔ ضلع میں کس وجہ سے حادثات پیش آرہے ہیں اس کا پتہ لگانا اور ایکسیڈنٹ زون کی نشاندہی کرنا بھی ضروری ہے۔ حادثات کی وجوہات کا پتہ لگاکر کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
ٹمکور سٹی کارپوریشن سمیت ضلع کے راستوں پر پڑے گڑھوں کو بار بار بند کرنے کی بجائے مستقل حل ڈھونڈ نکالنے کے اقدامات کئے جانے پر بھی اجلاس میں غور کیا گیا۔سٹی کارپوریشن کی حدود میں سڑکوں پر پڑے گڑھے بند کرنے کیلئے مستقل منصوبہ تیار کرنے اور اس پر عمل کرنے کی بات پر اتفاق کیا گیا ۔ اجلاس میں اس بات کو لے کر بھی زور دار بحث ہوئی کہ فٹ پاتھوں پر غیر قانونی قبضہ ہوچکا ہے، جس کے سبب راہگیروں اور موٹر گاڑی سواروں کو مشکل پیش آرہی ہے۔ فٹ پاتھوں پر کاروبار کررہے افراد کو بے دخل کر کے لوگوں کو سہولت کرنے کیلئے خصوصی مہم چلائی جانی چاہئے، اس ضمن میں کارپوریشن افسروں کو ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر دیویا وی گوپی ناتھ نے کہا کہ محکمہ پولیس کی طرف سے رات کے وقت یعنی 8 بجے کے بعد شراب پی کر گاڑیاں چلانے والوں (ڈرنک اینڈ ڈرائیو) کا پتہ لگانے کیلئے کارروائی کی جارہی ہے، اور معاملات درج کئے جارہے ہیں،اس کے علاوہ موبائل فون پر بات کرتے ہوئے گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔
ایس پی نے اجلاس میں موجود مختلف تنظیموں کے عہدیداروں سے اپیل کی کہ اگر کوئی فون پر بات کرتے ہوئے گاڑی چلاتے نظر آئے توفون سے ہی تصویر کھینچ کر اس کے واٹس ایپ یا پولیس کنٹرول روم کے نمبر پر پیغام روانہ کریں۔ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور تصویر لینے والے کا نام خفیہ رکھا جائے گا۔ اس دوران انہوں نے کارپوریشن افسروں سے مخاطب ہوکر کہا کہ کارپوریشن کی جانب سے ٹمکور شہر میں سڑکوں اور ڈرائنیج کا کام جاری ہے، جس کے سبب گبی گیٹ سے ٹاؤن ہال سرکل تک بڑی مال بردار گاڑیوں کی آمد ہورہی ہے۔اس علاقے میں جلد تعمیری کام مکمل کیاجائے۔ اس اجلاس میں اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ کمشنر راجنا کے علاوہ ڈسٹرکٹ روڈ سیفٹی کمیٹی کے اراکین اور مختلف تنظیموں کے عہدیدار شریک تھے۔