ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیراعلیٰ ہاؤزنگ اسکیم کے تحت 60ہزار مکانوں کی تعمیر،12؍اگست کو کمار سوامی سنگ بنیاد رکھیں گے: یوٹی قادر

وزیراعلیٰ ہاؤزنگ اسکیم کے تحت 60ہزار مکانوں کی تعمیر،12؍اگست کو کمار سوامی سنگ بنیاد رکھیں گے: یوٹی قادر

Mon, 06 Aug 2018 22:16:56    S.O. News Service

بنگلورو،6؍اگست(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے ہاؤزنگ و شہری ترقیات یوٹی قادر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤزنگ اسکیم کے تحت ریاست میں 60ہزار مکانات کی تعمیر کے لئے 12؍ اگست کو سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے بتایاکہ اس اسکیم کے تحت مکانوں کی تعمیر کا ٹنڈر منظور کیا جاچکا ہے۔ ہاؤزنگ اسکیم کے تحت تعمیر ہونے والے 60ہزار مکانات میں سے 22؍ ہزار مکانات شمالی کرناٹک میں تعمیر کئے جائیں گے۔ 12؍ اگست کو ہبلی میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران وزیراعلیٰ کمار سوامی ان مکانات کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یوٹی قادر نے بتایاکہ 60 ہزار مکانوں کی تعمیر کے اس نشانے کو آٹھ ماہ میں پورا کرلیا جائے گا۔اس اسکیم کے تحت جن مستحقین کے لئے مکان تعمیر کئے جائیں گے وہ 50فیصد سبسیڈی کے ساتھ ہوں گے۔عام زمرے کے امیدواروں کومرکزی حکومت کی طرف سے 1.5روپے ، ریاستی حکومت کی طرف سے 1.2لاکھ روپے دئے جائیں گے۔ درج فہرست طبقات کے لئے یہ رقم مرکزسے دو لاکھ اور ریاستی حکومت کی طرف سے 1.5لاکھ ہوگی۔ یہ ساری رقم مکان کی تعمیر کے لئے بطور سبسیڈی ادا کی جائے گی۔ مکان کی بقیہ قیمت امیدوار کو ادا کرنی ہوگی، اس رقم کی ادائیگی کے لئے بھی بینکوں سے قرضوں کا انتظام کیا جائے گا۔

یوٹی قادر نے بتایاکہ برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی حدود میں وزیر اعلیٰ ہاؤزنگ اسکیم کے تحت ایک لاکھ مکانوں کی تعمیر کا نشانہ طے کیاگیا ہے، جن میں سے55ہزار مکانوں کی تعمیر کے لئے قدم اٹھائے گئے ہیں۔باقی 45ہزار مکانات کی تعمیر کے لئے ٹنڈر ابھی نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہاکہ اس اسکیم کے تحت دو اور ایک بیڈ روم کے مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ دو بیڈ روم کے مکانات کے لئے کوئی سبسیڈی نہیں دی جائے گی۔ایک بیڈ روم کے لئے مکان پر سبسیڈی خط افلاس کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی۔


Share: