میسورو،26؍مئی (ایس او نیوز) میسورو میں جمعرات کی رات کی زبردست بارش میں کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بجلی کے کھمبے گر جانے سے علاقے میں بجلی متاثر رہی اور دو علاقے تالاب میں تبدیل ہوگئے ۔ تقریباً دو گھنٹے طوفانی ہواؤں اور بجلی کی کڑک و گرج کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس کی وجہ سے کئی سڑکیں تالابوں میں تبدیل ہوگئیں اور شہر کے کئی علاقوں میں درختوں کی ڈالیاں سڑک پر گر گئیں جس کی وجہ سے ٹریفک متاثر رہی۔ میسورو میں پہلی مرتبہ ژالہ باری ہوئی، جس کے فوراً بعد طوفانی ہوائیں چلیں جس سے درخت گر گئے۔ چامراج نگر کے جئے لکشمی ولاس روڈ پردرخت کی شاخیں گر جانے سے پانچ ٹو وہیلر گاڑیوںکو نقصان پہنچا۔اس ایک سڑک پر درخت کی شاخیں پانچ چھ مقامات پر گریںجس میں چند کاروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ طوفانی ہوا سے گھروں کی شیٹ کی چھتیں اڑ گئیں۔ شہر کے کئی علاقوں میں بجلی متاثر رہی ۔ صبح سے چامنڈیشوری الیکٹریسٹی سپلائی کارپوریشن ( سی ای ایس سی) کے عملے نے بجلی کی بحالی کی کوششیں جاری رکھیں۔ بتایاجاتا ہے کہ جمعہ کی شام تک بھی بجلی کی بحالی نہ ہوسکی کیونکہ چند علاقوں میں بجلی کی تاروں کو بھاری نقصان پہنچا تھا۔ اکشیا بھنڈار کے قریب ایک درخت کے جڑ سے اکھڑ جانے کی وجہ سے مصروف نئے کانتا راج ارس روڈ پر ٹریفک متاثر رہی۔اس زبردست بارش کی وجہ سے سی ای ایس سی اور میسورو سٹی کارپوریشن کے اہلکاروں کو بحالی کے لئے کافی دقتوں سے گزرنا پڑا اور ایم سی سی ٹیمیں شہر بھر میں گرے ہوئے درختوں اور شاخوں کو صاف کرنے میں مصروف رہیں۔ کرین اور خصوصی گاڑیوں کی مدد سے عملے نے گرے ہوئے درختوں کو ہٹایا۔اطلاعات کے مطابق ایم سی سی محکمۂ جنگلات کی مدد سے کئی لٹکتی ہوئی شاخوں کو اس ہفتے کاٹ دیں گے۔