بنگلورو،25؍دسمبر(ایس او نیوز) شہر کے کے آر مارکیٹ فلائی اوور پر سڑک کی مرمت کے کام کے لئے آج سے اسے ٹریفک کے لئے بند کردیاگیا۔ بتایاجاتاہے کہ اس فلائی اوور کو اگلے تین چار دنوں تک بند رکھا جائے گا اور یہاں سے ٹریفک پر پابندی لگائے جانے سے میسور روڈ پر کافی پریشانی کے خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ بی بی ایم پی نے اس سے پہلے طے کیا تھاکہ 15 جنوری سے اس فلائی اوور کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔ لیکن قبل از وقت ہی میسور روڈ فلائی اوور کی مرمت کا کام شروع کردیاگیا ہے۔ بی بی ایم پی حکام کی طرف سے اس سلسلے میں پولیس سے نمائندگی کے بعد فلائی اوور پر جانے والی ٹریفک کو نیچے کی طرف موڑ دیاگیا ہے، اس وجہ سے بنگلور میسور کے درمیان گزرنے والی ٹریفک کو سٹی مارکیٹ اور آس پاس کے علاقوں میں موڑ دیا گیا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ آنے والے دو چار دنوں میں پہلے ہی مصروف ترین یہاں کی سڑکیں ٹریفک کے اژدہام کا مرکز بن سکتی ہیں۔ چند ماہ قبل ہوئی بارش کے سبب فلائی اوور کے اوپر کی سڑک کو نقصان پہنچا ہے۔ اس کی مرمت کے لئے 4.3کروڑ روپیوں کی لاگت سے کام شروع کیا جارہا ہے۔ دو دنوں تک فلائی اوور پر مرمت کا کام جاری رہے گا۔ بتایاجاتاہے کہ فلائی اوور کے شروع سے آخر تک 40ایم ایم کی نئی سڑک بچھائی جارہی ہے تاکہ سڑک معیاری ہو اور آئندہ ایک دو بارشوں کی وجہ سے اسے کوئی نقصان نہ پہنچنے پائے۔