نئی دہلی،28/مارچ (آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے کمار مشرا نے پیر کو لوک سبھا میں کہا کہ اگر ان کے خلاف ایک بھی مقدمہ درج ہوتو وہ سیاست سے ریٹائر ہو جائیں گے۔انہوں نے یہ بات ایوان میں فوجداری پروسیجر (شناخت) بل 2022 کو پیش کرنے کے دوران کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری کے تبصرہ کے جواب میں کہی۔جب مشرا ایوان میں بل سے متعلق نکات پیش کر رہے تھے توادھیر رنجن چودھری نے کچھ تبصرہ کیا تھا۔ چودھری کا مطلب غالباً وہ پرتشدد واقعہ تھا جو گزشتہ سال اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں پیش آیا تھا جس میں کچھ کسان مارے گئے تھے۔ مشرا کا بیٹا اس معاملے میں ملزم ہے۔کانگریس لیڈر کی بات کا جواب دیتے ہوئے مشرا نے کہاکہ میں ادھیر رنجن چودھری جی کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے 2019 میں پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ اگر میرے خلاف ایک بھی کیس ہے، اگر میں ایک منٹ کے لیے بھی جیل گیاہوں تو سیاست سے ریٹائر ہو جاؤں گا۔