ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: ہنی ٹریپ کے ذریعے لوٹے گئے 3لاکھ روپے۔ بیوٹی پارلر خاتون کے ساتھ سازش میں محکمہ پولیس کا اہلکار بھی شامل !

منگلورو: ہنی ٹریپ کے ذریعے لوٹے گئے 3لاکھ روپے۔ بیوٹی پارلر خاتون کے ساتھ سازش میں محکمہ پولیس کا اہلکار بھی شامل !

Mon, 22 Oct 2018 11:33:02    S.O. News Service

منگلورو22؍اکتوبر(ایس او نیوز) امسال مارچ میں پیش آئے ہوئے ہنی ٹریپ کے ذریعے ایک ریٹائرڈ افسر کو مساج کے بہانے لوٹنے کے واقعے میں بیوٹی پارلر کی ایک خاتون کے علاوہ محکمہ پولیس کے ایک اہلکار کی شمولیت بھی ثابت ہوگئی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ مارچ کے مہینے میں فون کے ذریعے ایک خاتون نے ریٹائرڈ افسر کو گھر پر مساج کرنے کی پیش کش کی۔ جب میری ہِل علاقے میں وہ خاتون ایک اپارٹمنٹ میں اس شخص کی مالش کررہی تھی تو اچانک دو افراد غیر قانونی طور پر اس کمرے میں گھس آئے۔ اس خاتون اور افسر کی برہنہ حالت میں تصاویر اتاریں۔ اور پھر دس لاکھ روپے کی مانگ رکھی جسے پورا نہ کرنے پر یہ ننگی تصویریں سوشیل میڈیا پر عام کرنے کی دھمکی دی گئی۔ کہتے ہیں کہ مجبورہو کر اس شخص نے 3لاکھ روپے دے کر اپنی جان چھڑائی۔

20مارچ کو رونما ہونے والے اس واقعے کا علم کچھ دنوں کے بعد کاوور پولیس کو ہواتو افسران نے مذکورہ شخص سے رابطہ قائم کرکے تمام تفصیلات اکٹھا کیں۔اورتفتیش کے بعد6ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ تحقیقات کے دوران چونکانے والی بات یہ بھی سامنے آئی کہ جس فون سے بیوٹی پارلر کی خاتون نے ریٹائرڈ افسر کو اپنے جال میں پھنسایا تھا وہ فون محکمہ پولیس کے سٹی کرائم برانچ میں ملازمت کررہے ایک اہلکار کاتھا۔اس جانکاری پر پولیس کمشنر نے متعلقہ اہلکار کو نوٹس جاری کیا اور اس سے وضاحت چاہی تو اس اہلکار نے بتایا کہ اس کے خاتون کو وہ پہلے سے جانتا تھا اس لئے اپنے نام کا سم کارڈ اسے استعمال کرنے کے لئے دیا تھا۔

چونکہ ایک پولیس اہلکار کافون اس سازش کو انجام دینے کے لئے استعمال کیاگیا تھا اس لئے ڈپٹی کمشنر آف پولیس کی نگرانی میں ایک اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کو اس معاملے کی جانچ کی ذمہ داری سونپی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ تحقیقاتی افسر نے اپنی جانچ مکمل کرلی ہے اور اس کی رپورٹ دوایک دن میں اعلیٰ افسران کو پیش کی جائے گی۔


Share: