منگلورو ،24؍مارچ (ایس او نیوز) جنوبی کینرا میں کورونا کی دوسری لہر میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کووِڈ پروٹوکول اور گائڈ لائنس کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف ڈپٹی کمشنر کے مہم تیز ہوگئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے اپنے عملہ، پولیس اوردیگر محکمہ جاتی افسران کے ساتھ بذات خود میدان میں اترتے ہوئے 21 مارچ کو جو مہم شروع کی تھی وہ 22 مارچ کے دن بھی جاری رہی۔ ڈی سی کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق خلاف ورزیاں کرنے والوں سے کل ایک ہی دن میں 46,600 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ کل ایک ہی دن میں ماسک نہ پہننے کے 445 معاملوں کا پتہ لگاتے ہوئے ان سے جرمانہ وصول کیا گیا۔ جب ضلع سطح پر اب تک 37,532 ماسک نہ پہننے کے معاملے پکڑے گئے اور ان سے 8,69,210 روپے وصول کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راجیندرا نے کل منگلورو شہر کے بندر، اسٹیٹ بینک روڈ، نیلّی کائی روڈ، عزیزالدین روڈ جیسے علاقوں کی دکانوں اور سڑکوں کا دورہ کرتے ہوئے کووِڈ پر قابو پانے کے لئے احتیاطی اقدامات اور گائڈ لائنس کے تعلق سے بیداری مہم چلائی۔ عزیزالدین روڈ پر دکان کا عملہ ماسک نہ پہننے کی وجہ سے دو دکانوں پر پانچ پانچ ہزار روپے جرمانہ لگایا گیا۔ سرکاری اور نجی دفاتر کا دورہ کرتے ہوئے قانون کی سختی کے ساتھ پابندی کرنے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی تنبیہ کی گئی۔
ڈی سی نے بتایا کہ اس مہم کے دوران دیکھنے میں آیا ہے کہ عوام احتیاطی تدابیر سے بے پروا ہوگئے ہیں اور پروٹوکول کی خلاف ورزیاں عام ہوگئی ہیں۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تھا تو اچانک چھاپہ ماری کرتے ہوئےجرمانہ عائد کرنے کے علاوہ ایسی دکانوں اور گاڑیوں کے لائسنس منسوخ کر دئے جائیں گے۔
خیال رہے کہ منگل کے دن جنوبی کینرا میں کورونا پوزیٹیو کے 74 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔